چالیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے ضمنی انتخابات میں مداخلت نہیں کی‘ فیاض الحسن چوہان

جہاں شکست ہوئی ہے وہاں امیدوار کمزور تھے ،ایسا نہیں کہ عوام کی جانب سے کارکردگی اور پالیسیوں پر عدم اعتماد کیا گیا‘ وزیر اطلاعات

اتوار 14 اکتوبر 2018 23:10

چالیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے ضمنی انتخابات میں مداخلت نہیں کی‘ فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی چالیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے ضمنی انتخابات میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کی ،پی ٹی آئی کو جہاں شکست ہوئی ہے وہاں امیدوار کمزور تھے ۔

(جاری ہے)

ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں پولیس ، انتظامیہ، پٹواریوں، اساتذہ سمیت ہر سرکاری محکمے کو ساتھ ملا کر ضمنی انتخاب لڑتی تھیں ، ضمنی انتخاب کے حلقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہوتے تھے لیکن چالیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ضمنی انتخابات کے موقع پر کرپٹ پریکٹسز نہیں کی گئیں اور اس پر عمران خان کی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے ۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے کئی دہائیوں سے چلی آنے والی گندی روایت کو توڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن حلقوں میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی ہے وہاں امیدوار کمزور تھے ،ایسا نہیں ہے کہ عوام کی جانب سے حکومت کی کارکردگی یا پالیسیوں پر عدم اعتماد کیا گیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں