عظمیٰ بخاری کی اپنی ہی جماعت کے خلاف بغاوت، لیکن صرف 9 ووٹ حاصل کر سکیں

عظمیٰ بخاری کو پارٹی کے خلاف بغاوت کرنا مہنگا پڑ گیا، شکست کا سامنا ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اکتوبر 2018 09:55

عظمیٰ بخاری کی اپنی ہی جماعت کے خلاف بغاوت، لیکن صرف 9 ووٹ حاصل کر سکیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2018ء) : لاہور کے حلقہ این اے 131 میں جہاں مسلم لیگ ن کے اُمیدوار خواجہ سعد رفیق نے حصہ لیا وہیں مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے بھی پارٹی کے فیصلے کے خلاف علم بغاوت بُلند کرتے ہوئے این اے 131 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادئے لیکن عظمیٰ بخاری کو عبرتناک شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے آزاد حیثیت میں این اے 131 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ الیکشن لڑنا میرا حق ہے۔ اگر پارٹی نے نوٹس جاری کیا تو اس کا جواب دوں گی۔ لیکن عظمیٰ بخاری کو اس حلقے سے صرف 9 ووٹ ملے۔ اس عبرتناک شکست پر عظمیٰ بخاری بھی اپنا سا منہ لے کر بیٹھ گئیں۔ عظمیٰ بخاری نے جس حلقے سے الیکشن لڑنے کے لیے پارٹی سے بغاوت کی اور اپنا سیاسی کیرئیر داؤ پر لگایا اُسی حلقے کی عوام نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

سیاسی مبصرین کے مطابق عظمیٰ بخاری نے غلط حلقے کا انتخاب کیا۔ اس حلقے میں پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے دو تگڑے اُمیدوار مد مقابل تھے ایسے میں نہ تو کسی کا عظمیٰ بخاری پر دھیان گیا اور نہ ہی کسی نے ان کی بات کی جبکہ میڈیا پر بھی ہمایوں اختر اور خواجہ سعد رفیق پرہی زیادہ بات ہوتی رہی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ملک بھر میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔

گذشتہ روز عظمیٰ بخاری نے پولنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے لاہور کے پولنگ اسٹیشن نمبر 138-140 کا دورہ کیا اور پولنگ اسٹاف سے لڑ پڑیں ۔ تلخ کلامی جب حد سے بڑھی تو پولنگ عملے نے عظمیٰ بخاری کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ ن نےلاہور کے حلقہ این اے 131 سے پاکستان تحریک انصاف کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فارم 47 کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 131 سے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار خواجہ سعد رفیق نے 60476 ووٹس جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے 50445 ووٹس حاصل کیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں