زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو کل کیلئے نوٹس جاری

پیر 15 اکتوبر 2018 16:22

زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو کل کیلئے نوٹس جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کیلئے دائر درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو کل (منگل ) کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ۔ جسٹس سردار شمیم احمد خان اور جسٹس شہباز علی رضوی نے قصور کی ننھی زینب کے والد حاجی امین انصاری کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں ہوم سیکرٹری، آئی جی اور مجرم عمران کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ مجرم عمران کی تمام اپیلیں مسترد ہوچکی ہیںاور اس کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہو چکے ہیں،سپریم کورٹ سے بھی مجرم عمران کی اپیل خارج ہو چکی ہے۔درخواست گزار کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے سیکشن 22 کے مجرم کو سر عام پھانسی دی جا سکتی ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ مجرم عمران کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کا حکم جاری کیا جائے۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اشتیار چوہدری نے دلائل دیئے کہ مجرم سیریل کلر ہے اور 17اکتوبر کو اسے پھانسی دی جانی ہے۔تاہم عدالت نے کہا کہ کیس آج فکس نہیں ہے کل اس کیس پر سماعت کریں گے۔ عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو کل (منگل ) کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں