ابھی توشروعات، آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا؟ آصف کرمانی

تحریک انصاف کو جنہوں نے مسلط کیا تھا انہوں اب ہاتھ کھینچ لیا ہے۔ن لیگ کے مرکزی رہنماء کا جیت پر اظہار مسرت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اکتوبر 2018 15:53

ابھی توشروعات، آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا؟ آصف کرمانی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ ابھی توشروعات ہے، آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا؟ تحریک انصاف کو جنہوں نے مسلط کیا تھا انہوں اب ہاتھ کھینچ لیا ہے۔ انہوں نے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی جیت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں جیت کا یقین تھا۔ ثابت ہوگیا عوام کل کی طرح آج بھی نوازشریف کے ساتھ ہیں۔

آصف کرمانی نے مزید کہا کہ جنہوں نے تحریک انصاف کو مسلط کیا انہوں اب ہاتھ کھینچ لیا ہے۔ ابھی تو شروعات ہے آگے دیکھیے ہوتا کیا ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں مسلم لیگ ن 4، تحریک انصاف4، مسلم لیگ ق 2، متحدہ مجلس عمل ایک جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کی نشستوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوارشاہد خاقان عباسی لاہور سے این اے 124، خواجہ سعد رفیق این اے 131، اٹک سے ملک سہیل این اے 56، فیصل آباد سے علی گوہر بلوچ این اے 103سے کامیاب ہوئے ہیں۔

اسی طرح گجرات این اے 69سے ق لیگ کے چودھری مونس الٰہی، این اے 65 چکوال سے چودھری سالک حسین کامیاب ہوئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز این اے 53اسلام آباد، ٹیکسلا سے این اے 63 میں منصور حیات اور کراچی میں این اے 243سے عالم گیر خان نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔اسی طرح این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار زاہد اکرم درانی نے کامیابی سمیٹی۔

این اے 60راولپنڈی سے شیخ رشید کے بھتیجے راشد شیخ جیت گئے ہیں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی 12نشستوں میں 5تحریک انصاف اور 5نشستیں ن لیگ لینے میں کامیاب ہوئی۔ تاہم ابھی 2نشستوں پر نتائج آنا باقی ہیں۔ سندھ اسمبلی کی 2سیٹوں میں پیپلزپارٹی دونوں نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں 10نشستوں میں تحریک انصا ف 7، عوامی نیشنل پارٹی 2، مسلم لیگ ن ایک نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔اسی طرح بلوچستان کی 2صوبائی نشستوں میں ایک بی این پی مینگل کامیاب ہوگئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں