سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدسات ہیں جن کا دفاع ، تحفظ اور خدمت آل سعود کا اعزاز ہے ‘طاہرمحمودا شرفی

سعودی عرب کی طرف بُری نظر سے دیکھنے والوں کا مقابلہ کیا جائے گا، سعودی عرب پر پابندیاں لگانے کی باتیں امت مسلمہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

پیر 15 اکتوبر 2018 17:46

سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدسات ہیں جن کا دفاع ، تحفظ اور خدمت آل سعود کا اعزاز ہے ‘طاہرمحمودا شرفی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان علماء کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہرمحموداشرفی نے کہاکہ مملکت سعودی عرب مسلمانوں کا مرکز اور عظمت کی دلیل ہے ، سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدسات ہیں جن کا دفاع ، تحفظ اور خدمت آل سعود کا اعزاز ہے ، سعودی عرب کی طرف بُری نظر سے دیکھنے والوں کا مقابلہ کیا جائے گا، سعودی عرب پر پابندیاں لگانے کی باتیں امت مسلمہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی مسلمانوں کیلئے جدوجہد پر فخر ہے ۔

اپنے ایک بیان میں حافظ طاہر محموداشرفی نے کہاکہ اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں مملکت سعودی عرب کو کمزور کرنے کیلئے سازشیں کر رہی ہیں اور سعودی عرب کی قیادت پر بے جا الزام تراشیاں کر رہی ہیں ، ان قوتوں کوجان لینا چاہیے کہ سعودی عرب مسلمانوں کا دل اور جان ہے اور سعودی عرب کو نقصان پہنچانے کی کوشش ڈیڑھ ارب مسلمانوں سے جنگ کا آغاز ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دنیا کی کوئی قوت الزام تراشی کی بناء پر سعودی عرب کی قیادت ، عوام اور حکومت کو بلیک میل نہیں کر سکتی ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب روز و شب مستحکم ہو رہا ہے ، اسلام دشمن قوتیں حوثی باغیوں کے ذریعے سعودی عرب میں عدم استحکام پیدا کرنے میں ناکام ہوئی ہیں، قطر ، ایران اتحاد بھی سعودی عرب کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکا۔اب ترکی میں غائب ہونے والے صحافی کے نام پر انتہاء پسنداور دہشت گرد قوتیں سعودی عرب اور اس کی قیادت پر بغیر ثبوت اور دلیل الزامات لگا رہی ہیں جن کوامت مسلمہ مسترد کرتی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں