شہبازشریف نے جیل میں اپنی یادداشتیں لکھنا شروع کردی

شہبازشریف انقلابی رائٹرز کتابیں بھی پڑھ رہے ہیں، ان میں ملکی اور غیرملکی رائٹرز شامل ہیں، شہبازشریف جیل میں فارغ وقت نہیں گزارنا چاہتے، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اکتوبر 2018 17:23

شہبازشریف نے جیل میں اپنی یادداشتیں لکھنا شروع کردی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے جیل میں اپنی یادداشت لکھنا شروع کردی، شہبازشریف نے انقلابی رائٹرز کی 10سے زائد کتابیں منگوا لی ہیں، شہبازشریف جیل میں فارغ وقت نہیں گزارنا چاہتے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے نیب جیل میں 10 سے زائد کتابیں منگوا لی ہیں۔

ان کتابوں میں ملکی اور غیر ملکی انقلابی مصنفین کی کتابیں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں شہبازشریف جیل میں انقلابی رائٹرز کی کتابیں پڑھ رہے ہیں۔ اسی طرح سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف جیل میں اپنی سیاسی اور حکومتی زندگی میں عوامی خدمت سے متعلق اپنی یاداشتیں بھی لکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نیب کی حراست میں ہیں۔

شہبازشریف پر الزام ہے کہ انہوں نے آشیانہ کا ٹھیکہ دوسرے آدمی کو دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔ نیب لاہور نے صدر ن لیگ شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا جبکہ انہیں نیب آفس میں آشیانہ کیس میں گرفتار کرلیا۔ نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ شہبازشریف نے چوہدری لطیف کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے قومی خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچایا ہے۔

جبکہ ن لیگ کا کہنا ہے کہ جس ٹھیکیدار کا شہبازشریف نے کرپشن کی بنیاد پر ٹھیکہ منسوخ کیا اس کو پشاور میٹرو کا ٹھیکہ دے دیا گیا۔ نیب نے7 اکتوبر کو شہبازشریف کو احتساب میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں پرن لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے ان کی بکتر بند گاڑی کوگھیر لیا اور نوازشریف، شہبازشریف کے حق میں نعرے لگائے۔ تاہم احتساب عدالت نے شہبازشریف کو مزید تفتیش کیلئے 10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کررکھا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی گرفتاری کیخلاف ن لیگی کارکنان اور اپوزیشن جماعتیں بھی سراپا احتجاج ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ روز شہبازشریف سے ان کی اہلیہ بیگم نصرت شہبازنے جیل میں ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں بیٹے حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور بہو زینب بھی شامل تھیں۔ ملاقات میں انہوں نے شہبازشریف کی خیریت دریافت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں