نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں نابینا افراد کیلئے 25000 گھر تعمیر کیے جائیں گے‘محمودالرشید

نابینا افراد کے ہاسٹل کی تعمیر کیلئے زمین ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ دے گا،ہم عوام کو ان کے خوابوں کی تعبیر دے کے جائینگے‘صوبائی وزیر ہائوسنگ

پیر 15 اکتوبر 2018 19:43

نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں نابینا افراد کیلئے 25000 گھر تعمیر کیے جائیں گے‘محمودالرشید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں نابینا افراد کے لیے 25000 گھر تعمیر کیے جائیں گے اور کوشش ہو گی کہ نابینا افراد کے لیے ایک فیصد کوٹا مختص کر دیا جائے۔ انہوں نے نابینا افراد کے ہاسٹل کی تعمیر کے لیے زمین دینے کا بھی اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار میاں محمود الرشید نے گزشتہ روز الحمرا کلچرل کمپلیکس میں انٹرنیشنل وائٹ کین سیفٹی ڈے کے حوالے سے العجم سکائوٹس اوپن گروپ کی جانب سے منعقد کردہ ایک رنگا رنگ تقریب میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال محمد اجمل چیمہ اور ڈی ڈی او سپیشل ایجوکیشن سمیت مختلف سکولوں کے نابینا اساتذہ اور طلباء نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ عوام کو ہم نے بہت خواب دکھائے ہیں جن کی تعبیریں بہت مشکل ہیں۔ لیکن ہم خواب دیکھتے رہیں گے اور تعبیریں ڈھونڈتے رہیں گے اور ڈھونڈ رہے ہیں۔

انہوں نے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کو ان کے وعدوں کی تعبیر ان سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر کے اور ڈیلیور کر کے دیں گے۔ہمیں عوام نے تبدیلی کے لیے مینڈیٹ دیا ہے اور وہ تبدیلی ہم لا کر رہیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نفسا نفسی کے دور میں العجم ٹرسٹ کا نابینا افراد کے لیے کام بے لوث جذبے کی عظیم مثال ہے۔ انہوں نے نابینا افراد کے ہاسٹل کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے زمین دینے کا وعدہ کیا اور کہا کہ ہاسٹل کی تعمیر سے نابینا افراد کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

مزید برآںانہوں نے نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں نابینا افراد کے لیے 25000 گھروں کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے نابینا افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ لازمی اس سکیم میں اپلائی کریں ۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نابینا طالبعلموں کی جانب سے گیت، خاکے اور ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں