پی ٹی آئی ووٹوں میں آگے، نون دوسرے، ق تیسرے نمبررہی

ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے1076687 ووٹ حاصل کیے، ن لیگ809561 اور ق لیگ نے 166676 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ غیرسرکاری غیرحتمی نتائج

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اکتوبر 2018 18:35

پی ٹی آئی ووٹوں میں آگے، نون دوسرے، ق تیسرے نمبررہی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اکتوبر 2018ء) ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی ووٹ کے حساب سے پہلے، ن لیگ دوسرے اور ق لیگ تیسرے نمبر رہی، پی ٹی آئی نے1076687 ووٹ حاصل کیے، ن لیگ 809561، اور ق لیگ نے 166676 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف قومی اور صوبائی حلقوں کی نشستوں پرمجموعی طورپر10 لاکھ 76 ہزار687 سے زائد ووٹ حاصل کیے۔ الیکشن میں مسلم لیگ ن 8 لاکھ 9 ہزار 561 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی جبکہ مسلم لیگ ق 1 لاکھ 66 ہزار 676 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ہے۔ اسی طرح تحریک لبیک نے ایک لاکھ 52 ہزار 545 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلزپارٹی نے ایک لاکھ 23 ہزار 923 ووٹ لیے ہیں۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی نے 90 ہزار180ووٹ اور متحدہ مجلس عمل نے 62 ہزار307 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ضمنی انتخابات میں جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کے ووٹ 20 ہزار سے بھی کم رہے ہیں۔ واضح رہے واضح رہے گزشتہ روز ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں مسلم لیگ ن 4، تحریک انصاف4، مسلم لیگ ق 2، متحدہ مجلس عمل ایک جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

قومی اسمبلی کی نشستوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوارشاہد خاقان عباسی لاہور سے این اے 124، خواجہ سعد رفیق این اے 131، اٹک سے ملک سہیل این اے 56، فیصل آباد سے علی گوہر بلوچ این اے 103سے کامیاب ہوئے ہیں۔ اسی طرح گجرات این اے 69سے ق لیگ کے چودھری مونس الٰہی، این اے 65 چکوال سے چودھری سالک حسین کامیاب ہوئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز این اے 53اسلام آباد، ٹیکسلا سے این اے 63 میں منصور حیات اور کراچی میں این اے 243سے عالم گیر خان نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

اسی طرح این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار زاہد اکرم درانی نے کامیابی سمیٹی۔ این اے 60راولپنڈی سے شیخ رشید کے بھتیجے راشد شیخ جیت گئے ہیں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی 12نشستوں میں 5تحریک انصاف اور 5نشستیں ن لیگ لینے میں کامیاب ہوئی۔ تاہم ابھی 2نشستوں پر نتائج آنا باقی ہیں۔ سندھ اسمبلی کی 2سیٹوں میں پیپلزپارٹی دونوں نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں 10نشستوں میں تحریک انصا ف 7، عوامی نیشنل پارٹی 2، مسلم لیگ ن ایک نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔اسی طرح بلوچستان کی 2صوبائی نشستوں میں ایک بی این پی مینگل کامیاب ہوگئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں