پاکستان 2020تک خسرے سے پاک ملک بننا چاہتا ہے‘یاسمین راشد

خسرہ جان لیوا مرض ہے، 2016میں پوری دنیا میں 87ہزار بچوں کی اموات ہوئیں‘صوبائی وزیر صحت

پیر 15 اکتوبر 2018 20:03

پاکستان 2020تک خسرے سے پاک ملک بننا چاہتا ہے‘یاسمین راشد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ خسرہ عام نہیں بلکہ جان لیوا بیماری ہے۔اس کے حملے سے بچے کے جسم کے کئی حصے متاثر ہوسکتے ہیں۔ پاکستان 2020تک خسرے سے پاک ملک بننا چاہتا ہے۔وہ آج(سوموار) چلڈرن ہسپتال میں 12روزہ انسدادخسرہ مہم کا افتتاح کررہی تھیں۔ اس موقع پر ایک بچی کو حفاظتی ٹیکہ لگایا گیا۔

وزیر صحت نے بچی کو پیار کیا اور ٹافی بھی کھلائی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر صحت حنیف خان پتافی، ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق، ایم ڈی پروفیسر سلیم، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمد، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کی چیف فیلڈ آفس میڈم بخاری،ڈاکٹر رانا مشتاق،ڈاکٹر قراة العین،ڈاکٹر تنویر حسین،چیف عالمی ادارہ صحت پنجاب ڈاکٹر جمشید، نمائندہ گیٹس فاونڈیشن ڈاکٹر اسلم چودھری اور گاوی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر میں انسداد خسرہ مہم 27اکتوبر تک جاری رہے گی۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پاکستان خسرے کے خطرے سے دوچار ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ 2016میں پوری دنیا میں خسرے سے 87ہزار بچوں کی اموات ہوئیں۔ کسی بھی بیماری کے علاج پر پیشگی بچائو کی بہ نسبت 10گنا زیادہ خرچہ آتا ہے۔اس لئے پرہیز یا قبل ازوقت تدارک زیادہ مئوثر حکمت عملی ہوتی ہے۔

انسداد خسرہ مہم کے دوران ان ساڑھے 3لاکھ بچوں پر زیادہ توجہ دی جائے گی جنہیں حالیہ سروے میں غذائی قلت کا شکار قرار دیا گیا تھا۔ اس کیلئے حکومت کے ساتھ والدین، اساتذہ، سول سوسائٹی،میڈیا اور علمائے کرام کو شانہ بشانہ چلنا ہوگا۔ انہوں نے انسداد خسرہ مہم میں میڈیا کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج سے محکمہ صحت کی ٹیموں نے گھر گھر جاکر اور طبی مراکز میں 6ماہ سے 7سال عمر تک کے بچوں کو انتہائی محفوظ ویکسین کے ٹیکے لگارہی ہیں۔

پنجاب میں ایک کروڑ 90لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین کے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔اس مہم میں 15ہزار600 ٹیمیں اور ایک لاکھ عملہ شریک ہیں۔ انسداد خسرہ کی اس مہم میں پنجاب حکومت کو انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز یونیسف، گاوی اور عالمی ادارہ صحت کا تعاون حاصل ہے۔ اس مہم پر 5ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔انہوں نے انسداد خسرہ مہم کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر منیر کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔

تقریب سے خطاب میں مشیر صحت حنیف خان پتافی نے کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں بلکہ معاشرے کے تمام طبقوں کو آگے آنا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں ماں اور بچے کی صحت کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ انسداد خسرہ مہم کے دوران فیلڈ ٹیموں کی سپاٹ چیکنگ کریں۔کسی غفلت کی گنجائش نہیں۔ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ لگانے کا ہدف ہوصورت میں حاصل کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں