پاکستان کی معیشت کو مضبوط ،مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے مشکل ترین فیصلوں کی ضرورت ہے‘چوہدری محمد سرور

حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی ،انشاء اللہ عوام بہت جلد معاشی میدان میں مثبت اور انقلابی تبدیلیاں دیکھے گی بزنس کمیونٹی سے متعلق مسائل اِنکی مشاورت سے حل کئے جائینگے ،ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلیں گے‘گورنر پنجاب

پیر 15 اکتوبر 2018 22:03

پاکستان کی معیشت کو مضبوط ،مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے مشکل ترین فیصلوں کی ضرورت ہے‘چوہدری محمد سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے مشکل ترین فیصلوں کی ضرورت ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خا ں کی قیادت میں حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی اور انشاء اللہ عوام بہت جلد معاشی میدان میں مثبت اور انقلابی تبدیلیاں دیکھے گی، بزنس کمیونٹی سے متعلق مسائل اِن کی مشاورت سے حل کئے جائیں گے اور ملکی معیشت کی بہتری کے لئے تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلیں گے، سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر صنعت کاروں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کئے جائیں گے۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہاس لاہور میں پاکستان فیڈریشن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 70رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں اِن سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے وابستہ چاروں صوبوں کے عہدیداران شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انڈسٹری کے فروغ کے لئے صنعت کاروں کو ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر کے ملک کی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا بھر پورکردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے میں اپنے سابقہ دور میں اہم کردار ادا کیا مگر ماضی کی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے جتنا فائدہ اٹھانا چاہئے تھا وہ نہیں اٹھایا جا سکا۔ گورنر نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے گیس کے یکساں نرخ مقرر کر کے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو نئی زندگی دی ہے جس سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ فصلوں کی فی ایکٹر زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے نئے بیج متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فش فارمنگ میں زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ اس کو ایکسپورٹ کر کے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نہ صرف ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے بلکہ ملکی مصنوعات کو برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس ادا کر کے ملکی معیشت کو مستحکم بھی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بزنس کمیونٹی کو عزت دے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے گی۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم کے اعلان پر ملک بھر میں صاف اور سرسبز پروگرام شروع کیا گیا ہے جو کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں اور پاکستان کے 22کروڑ عوام کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اِسے کامیاب بنانا ہے۔دریں اثناہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری حضرات کے وفد نے بابر بٹ کی قیادت میں گورنر ہاس لاہور میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو اِنہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنرپنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اِن کے مسائل کوحل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں