سعودی عرب مسلمانوں کا مرکز اور عظمت کی دلیل ہے، محمد طاہر محمود اشرفی

پیر 15 اکتوبر 2018 22:47

سعودی عرب مسلمانوں کا مرکز اور عظمت کی دلیل ہے، محمد طاہر محمود اشرفی
لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مملکت سعودی عرب مسلمانوں کا مرکز اور عظمت کی دلیل ہے ، سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس مقامات ہیں جن کا دفاع ، تحفظ اور خدمت آل سعود کا اعزاز ہے ، سعودی عرب کی طرف بُری نظر سے دیکھنے والوں کا مقابلہ کیا جائے گا، سعودی عرب پر پابندیاں لگانے کی باتیں امت مسلمہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی مسلمانوں کیلئے جدوجہد پر فخر ہے ، یہ بات انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں مملکت سعودی عرب کو کمزور کرنے کیلئے سازشیں کر رہی ہیں اور سعودی عرب کی قیادت پر بے جا الزام تراشیاں کر رہی ہیں ، ان قوتوں کوجان لینا چاہیے کہ سعودی عرب مسلمانوں کا دل و جان ہے اور سعودی عرب کو نقصان پہنچانے کی کوشش ڈیڑھ ارب مسلمانوں سے جنگ کا آغاز ہو گا، انہوںنے کہا کہ دنیا کی کوئی قوت الزام تراشی کی بناء پر سعودی عرب کی قیادت ، عوام اور حکومت کو بلیک میل نہیں کر سکتی ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب روز و شب مستحکم ہو رہا ہے ، اسلام دشمن قوتیں حوثی باغیوں کے ذریعے سعودی عرب میں عدم استحکام پیدا کرنے میں ناکام ہوئی ہیں، قطر ، ایران اتحاد بھی سعودی عرب کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکا،اب ترکی میں غائب ہونے والے صحافی کے نام پر انتہاء پسنداور دہشت گرد قوتیں سعودی عرب اور اس کی قیادت پر بغیر ثبوت اور دلیل الزامات لگا رہی ہیں جن کوامت مسلمہ مسترد کرتی ہے ، سعودی عرب کی قیادت نے ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کا تحفظ کیا ہے اور سعودی شہریوں کو ہر طرح سے محفوظ بنایا ہے ، صحافی جمال خشفعی کے معاملے پر ترک حکومت سمیت کسی کو بھی سعودی عرب کے خلاف الزام تراشی سے قبل دلیل اور ثبوت مہیا کرنے چاہئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں