ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے مشکل ترین فیصلوں کی ضرورت ہے،گورنرپنجاب

پیر 15 اکتوبر 2018 23:03

ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے مشکل ترین فیصلوں کی ضرورت ہے،گورنرپنجاب
لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے مشکل ترین فیصلوں کی ضرورت ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خا ںکی قیادت میں حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی اور انشا ء اللہ عوام بہت جلد معاشی میدان میں مثبت اور انقلابی تبدیلیاں دیکھے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سے متعلق مسائل اِن کی مشاورت سے حل کئے جائیں گے اور ملکی معیشت کی بہتری کے لئے تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر صنعت کاروں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان فیڈریشن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 70رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں اِن سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے وابستہ چاروں صوبوں کے عہدیداران شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انڈسٹری کے فروغ کے لئے صنعت کاروں کو ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر کے ملک کی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا بھر پورکردار ادا کرسکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے میں اپنے سابقہ دًور میں اہم کردار ادا کیا مگر ماضی کی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے جتنا فائدہ اُٹھانا چاہئے تھا وہ نہیں اٹھایا جا سکا۔

گورنر نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے گیس کے یکساں نرخ مقرر کر کے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو نئی زندگی دی ہے جس سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فصلوں کی فی ایکٹر زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے نئے بیج متعارف کرائے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں فش فارمنگ میں زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ اس کو ایکسپورٹ کر کے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جاسکے۔

اُنہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نہ صرف ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے بلکہ ملکی مصنوعات کو برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس ادا کر کے ملکی معیشت کو مستحکم بھی کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بزنس کمیونٹی کو عزت دے گی اور اُن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے گی۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم کے اعلان پر ملک بھر میں صاف اور سرسبز پروگرام شروع کیا گیا ہے جو کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں اور پاکستان کے 22کروڑ عوام کا ایجنڈا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اِسے کامیاب بنانا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں