شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر پولیس رکاوٹوں نے ڈکٹیٹروں کے دور کی یاد تازہ کر دی ‘ رانا ثنا اللہ

جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت انتقامی کارروائیوں کے ذریعے ملک کو بحران کی طرف لے کر جارہی ہے انتقامی کارروائیاں جاری رہیں تو ہمارا احتجاج اسمبلیوں سے باہر آکر سڑکوں کو بھی گرم کر سکتا ہے ‘ میڈیا سے گفتگو

منگل 16 اکتوبر 2018 13:40

شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر پولیس رکاوٹوں نے ڈکٹیٹروں کے دور کی یاد تازہ کر دی ‘ رانا ثنا اللہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) سابق وزیر قانون و رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس رکاوٹوں نے پرویز مشرف اور اس سے پہلے کے ڈکٹیٹروں کی یاد تازہ کر دی ہے ، جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت انتقامی کارروائیوں کے ذریعے ملک کو بحران کی طرف لے کر جارہی ہے ، اگر ڈالر 150روپے پر پہنچ گیا تو یہ ملک کے دیوالیہ ہونے کی طرف پیشرفت ہو گی اور پھر اس کا ازالہ نہیں ہو سکے گا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ صرف مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو نہیں روکا گیا بلکہ وکلاء کو بھی نہیں جانے دیا جارہا ۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز جنہوں نے عدالت میں پیش ہونا ہے انہیں بھی آگے نہیں جانے دیا جارہا اور عدالت سے ایک کلو میٹر پیچھے گاڑی سے نیچے اتار دیا گیا ہے اور وہ دس جگہ رکاوٹیں عبو ر کر کے پہنچے ہیں،اس طرح کے اقدامات کھلی عدالت کے تصور کی نفی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ڈکٹیٹر شپ او رجعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت کی اپوزیشن او رعوام کے خلاف انتقامی کارروائیاں ملک و قوم کے لئے مضر ثابت ہو رہیں ۔ شہباز شریف کی شخصیت کو صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا جانتی ہے ، انہوں نے دس سال تک انتہائی محنت اور دیانتداری سے صوبے کی خدمت کی اور عوام کی ایک ایک پائی بچاکر اربوں روپے کی بچت کی ۔ شہباز شریف کو بے بنیاد الزام لگا کر گرفتارکیاگیا ہے جو قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔

جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت انتقامی کارروائیوں کے ذریعے ملک کو بحران کی طرف لے کر جارہی ہے اور اس کے سائے گہرے ہوتے جارہے ہیں۔ صرف پچاس روز میں ڈالر 104سے 135روپے تک پہنچ گیا ہے اور اگر خدانخواستہ 150روپے تک پہنچ گیا تو یہ ملک کے دیوالیہ ہونے کی طرف پیشرفت ہو گی اور پھر کوئی اس کا ازالہ نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور رولز کے مطابق جب تک قومی اسمبلی کا اجلاس جاری رہے گا شہباز شریف بطور قائد حزب اختلاف اس میں شرکت کر نے کا استحقاق رکھتے ہیں ۔

پارلیمانی پارٹیوںنے شہباز شریف کی بے بنیاد الزام کے تحت گرفتاری کے خلاف قومی اسمبلی او ر پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ اگر اس طرح کی کارروائیاںجاری رہیں تو ہمارا احتجاج اسمبلیوں سے باہر آکر سڑکوں کو گرم کر سکتا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں