سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا چہلم 18 اکتوبر کو ہو گا

بیگم کلثوم نواز کے چہلم میں صرف شریف خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اکتوبر 2018 14:14

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا چہلم 18 اکتوبر کو ہو گا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا چہلم 18 اکتوبر کو ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی مرحومہ اہلیہ کلثوم نواز کا چہلم 18 اکتوبر کو رائے ونڈ جاتی عمرہ میں ہو گا۔ چہلم میں صرف شریف خاندان کے قریبی افراد شریک ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کے چہلم کے موقع پر محفل نعت ہو گی اور عام افراد کو چہلم میں شرکت کی دعوت نہیں دی جائے گی۔

بیگم کلثوم نواز کے چہلم کے بعد نواز شریف اور مریم نواز سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں گے۔ نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدرکی جیل سے رہائی پر مسلم لیگ ن نے یوم تشکر منانے کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے کیونکہ قبل ازیں نواز شریف اور مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کے چہلم تک کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور مریم نواز کی رہائی کے بعد خاموشی نے کئی سوالات کھڑے کر دئے تھے جس پر سیاسی پنڈتوں کا کہنا تھا کہ رہائی کے باوجود نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے اختیار کی گئی اس خاموشی میں کسی ڈیل کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ البتہ مسلم لیگ ن نے ڈیل کے حوالے سے پیدا ہونے والے تمام تاثرات کو مسترد کر دیا۔ اس حوالے سے باغی رہنما جاوید ہاشمی کا بھی رد عمل آیا اور انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کے چہلم کے بعد نواز شریف اہم حقائق سے پردہ اُٹھائیں گے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے چہلم کے بعد مسلم لیگ ن کی سیاست کا ایک نیا دور شروع ہو گا کیونکہ حال ہی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن نے غیر متوقع کامیابی حاصل کی جس سے پارٹی کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ممکنہ طور پر جلسوں کے ذریعے اپنی سیاست کا دوبارہ آغاز کریں گے اور اس سلسلے میں جارحانہ پالیسی ہی اپنائی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں