4ووٹوں کے سہارے لڑکھڑاتی جعلی حکومت خوف میں مبتلا ہے‘مریم اورنگزیب

نواز شریف ‘شہباز شریف پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی‘پچھلی مرتبہ پرامن احتجاج کے باوجود احتجاج نہیں کرنے دیا گیا‘ پولیس بھاری نفری جعلی حکومت کے خوف کی علامت ہے‘میڈیا سے گفتگو

منگل 16 اکتوبر 2018 15:29

4ووٹوں کے سہارے لڑکھڑاتی جعلی حکومت خوف میں مبتلا ہے‘مریم اورنگزیب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف پر ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی لیکن 4ووٹوں کے سہارے کھڑے ہونے والی جعلی حکومت نے شہباز شریف کو ضمنی انتخابات سے قبل خوف کے ڈر سے گرفتار کروایا، مسلم لیگ (ن) میں نہیں بلکہ تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بن رہا ہے۔

منگل کو لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ پیشی کے دوران مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے ایک گملا بھی نہیں توڑا تھا لیکن جعلی حکومت نے ڈر کے مارے اس مرتبہ ہمیں پرامن احتجاج بھی نہیں کرنے دیا اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف پر ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ان پر کروڑوں لوگوں کا اعتماد ہے ،(ن)لیگ نے محنت کر کے ملک کو سنوارا ہے اور پسماندہ علاقوں میں موٹر وے کے جال بچھائے ہیں لیکن 4ووٹوں پر لڑکھڑاتی جعلی حکومت نے شہباز شریف کو ضمنی الیکشن سے پہلے خوف کے ڈر سے گرفتار کروایا، شہباز شریف ہر مصیبت کو خندہ پیشانی سے برداشت کر لیں گے، کیونکہ انہوں نے دن رات پنجاب کی ترقی کیلئے کام کیا ہے، ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارورڈ بلاک مسلم لیگ (ن )میں نہیں بلکہ پی ٹی آئی میں ضرور بن رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں