صوبے میں حقیقی ترقی لائیں گے ،تعلیم ، صحت اور فلاحی منصوبے عملی ترجیحات ہونگے ‘عبدالعلیم خان

نواز لیگ کاکرپشن چھپانے کیلئے احتجاج مضحکہ خیز اور فارورڈ بلاک کا باعث بنے گا ‘سینئر صوبائی وزیر

منگل 16 اکتوبر 2018 20:00

صوبے میں حقیقی ترقی لائیں گے ،تعلیم ، صحت اور فلاحی منصوبے عملی ترجیحات ہونگے ‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے موجودہ حالات میں آئیڈیل بجٹ پیش کیا ہے اور عوام پر بوجھ ڈالے بغیر صوبے کے وسائل میں اضافے کی راہ نکالی ہے ،پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی معنوں میں ترقی لائے گی اور تعلیم ، صحت اور فلاحی منصوبے ہماری عملی ترجیحات ہونگے ،پنجاب حکومت نے 20کھرب 26ارب روپے کا میزانیہ پیش کر کے اپنی اولین ذمہ داری پوری کی ہے اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں ملک کے سب سے بڑے صوبے کو اُس ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے جس کیلئے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ بجٹ سیشن میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے اپوزیشن نے جو اوچھے ہتھکنڈے اختیار کیے ہیں اُن کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، اپنے گاڈ فادر کی کرپشن چھپانے کیلئے کیا جانے والا یہ انوکھا احتجاج انتہائی مضحکہ خیز ہے اور عوام اُن عناصر کی چیخیں سن رہے ہیں جنہوں نے پنجاب جیسے خوشحال اور سرپلس بجٹ رکھنے والے صوبے کو میٹرو اور اورنج لائن ٹرین جیسے بودے منصوبوں کی بھینٹ چڑھا دیا اور آج وفاق کی طرح پنجاب بھی قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے اور حکومت کے پاس کاروبار مملکت چلانے کے فنڈز بھی نہیں ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ کا یہ احتجاج خود ان کی صفوں میں فارور بلاک بننے کا باعث ہوگا اور سنجیدہ اراکین اسمبلی ایسی ہلڑ بازی کا ہرگز ساتھ نہیں دینگے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کاش آج گلا پھاڑ نے اور نعرے بازی کرنے والے شہباز شریف اینڈ کمپنی سے سوال کرتے کہ کیوں انہوں نے اپنے من پسند منصوبوں کی خاطر پورے صوبے کا مالیاتی نظام تباہ کر کے رکھ دیا ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ پنجاب کو نئے سرے سے عوامی خواہشات کے مطابق تعمیر کریں گے اور ماضی کی حکومت کی خرابیوں کو دور کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام بھی بہتری کی نوید لائے گا اور نئے بجٹ میں مقامی حکومتوں کو مضبوط بنا کر شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کیے جائیں گے ،عبدالعلیم خان نے اپوزیشن اراکین سے بھی کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور منتخب ایوان کو مچھلی منڈی بنانے کی بجائے اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے بہتری کی تجاویز سامنے لائیں گے اورآئندہ ایسی روش سے اختیار نہیں کرینگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں