ن لیگی رہنماء نے حکومت کو نیت کے پورے نمبر دے دیے

حکومت کو کارکردگی کے دس میں صفر نمبردیتا ہوں،جبکہ نیتوں کے پورے نمبرز، مگرنیتوں کا راز تو اللہ ہی جانتا ہے، 50 لاکھ گھروں کا بڑا مذاق؟ زمین کہاں سے آئے گی؟ سرمایہ کاری کون کرے گا؟ کچھ پتا نہیں۔سابق گورنرسندھ محمد زبیرکی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اکتوبر 2018 20:01

ن لیگی رہنماء نے حکومت کو نیت کے پورے نمبر دے دیے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اکتوبر 2018ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء محمد زبیر نے حکومت کو نیت کے پورے نمبر دے دیے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو کارکردگی کے دس میں صفر نمبر دیتا ہوں، نیتوں کے نمبر تو دے رہا ہوں لیکن ان کی نیتوں کا راز تو اللہ ہی جانتا ہے، اب جیسے 50 لاکھ گھروں بڑا مذاق ؟ گھر کی قیمت تک بتا دی،زمین، سرمایہ کاری کا کچھ پتا نہیں۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات اور ضمنی انتخابات میں فرق یہ ہے کہ عام انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کو شدید تحفظات تھے اس کی وجہ سے وہ چیزیں دوبارہ نہیں دہرائی گئیں جو عام انتخابات میں ہوا تھا۔ تحریک انصاف کو تو حکومت میں بٹھایا گیا ہے۔ یہ خود تو حکومت میں نہیں آئے ہیں۔تاہم اس بار ضمنی انتخاب شفاف ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں کسی کو نہیں پتا تھا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران کیا ہونے والا ہے؟وہ اچانک ہوگیا تھا۔لیکن اب سب اس کیلئے تیار تھا۔ لہذا ضمنی الیکشن میں کیسے وہی چیزیں دہرا سکتے تھے؟دوسری چیزحکومت کی ہار کی وجہ ان کے 2 مہینوں کے کارنامے بھی ہیں۔ پاکستان کی تاریخ اگر جائزہ لیا جائے تو کوئی ایسی حکومت نہیں آئی جس کوہنی مون کی مدت نہ ملی ہو۔

اس میں پی ٹی آئی کی غیرسنجیدگی، بچپنا اور نااہل ٹیم شامل ہے۔ان کی ناقص کارکردگی میں خارجہ پالیسی ، داخلہ پالیسی یا پھر اقتصادی پالیسی سب شامل ہے۔ ہوم ورک کیے بغیر اعلان کردیا جاتا ہے۔اب جیسے 50 لاکھ گھروں کی بات اتنا بڑا مذاق ؟ گھر کی قیمت تک بتا دی، ابھی کون سرمایہ کاری کرے گا ، کچھ پتا نہیں ہے۔اب یہ نہیں پتا کہ زمین کہاں سے آئے گی؟ سندھ حکومت سے انہوں نے زمین کیلئے بات کی ہے؟ انہوں نے ایک سوال کہ ”حکومتی ٹیم کی نیت تو ٹھیک ہے نیت کے نمبر تودیں؟“ کے جواب میں کہا کہ میں ان کو نیت کے دس میں دس نمبر دے دیتا ہوں ۔ لیکن ان کو کارکردگی کے دس میں صفر دیتا ہوں۔ لیکن نیت کے بارے میں بھی ہم کیا کہہ سکتے ہیں؟ نیت کو کارکردگی اور ٹیم کے ملاکر دیکھنا ہوتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں