نجی اسکولوں کی فیسوں کا تعین کریں گے

نجی اسکولوں میں زائد فیسوں کے کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے تمام نجی اسکولوں کی فیسوں کی تفصیلات مانگ لیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 16 اکتوبر 2018 20:12

نجی اسکولوں کی فیسوں کا تعین کریں گے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-16 اکتوبر 2018ء) :چیف جسٹس ثاقب نثار نےنجی اسکولوں میں زائد فیسوں کے کیس کی سماعت کے دوران تمام نجی اسکولوں کی فیسوں کی تفصیلات مانگ لیں۔چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ کیا تعلیم کوئی منافع بخش کاروبار ہے کہ جس کا جتنا جی چاہے فیس وصول کر لے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نجی اسکولوں کی جانب سے زائد فیسوں کی وصولی کیس پر سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے تمام نجی اسکولوں کی جانب سے وصول کی جانے والی فیسوں کی تفصیلات مانگ لیں۔ اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے ساتھ مل کر معقول فیسوں کا تعین کیا جائے اور اس حوالے سے قانون سازی کے لیے بھی تجاویز دی جائیں۔

(جاری ہے)

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی بھی شعبہ ہو ایسا نہیں ہو سکتا کہ کھلی چھوٹ دے دی جائے اور وہ جو مرضی کرتے رہیں۔انہوں کہا کہ ملک میں طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ہونا چاہیے ہے اور اگر اس دور میں ایک شخص ڈیڑھ لاکھ تنخواہ لے رہا ہے اور اس کے 3 بچے ہیں اور وہ اپنے 3 بچوں کی فیس ہی 90 ہزار دے دیتا ہے تو وہ باقی اخراجات کیسے پورے کرے گا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا فارمولا ہونا چاہیے جس کی بنیاد پر نجی اسکولوں میں فیسوں کا تعین کیا جائے ۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ عدالت بڑے اسکول بند کرنا چاہتی ہے بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی ایسا فارمولا ہو جس کی بنیاد پر تعلیم کو آسان بنایا جا سکے۔اس سماعت کے دوران چیف جسٹس نے نجی اسکولوں کی بینک اکاونٹس کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔               

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں