رواں مالی سال کے بجٹ میں ایجوکیشن سیکٹر کیلئے 373ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے،صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن

منگل 16 اکتوبر 2018 22:38

رواں مالی سال کے بجٹ میں ایجوکیشن سیکٹر کیلئے 373ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے،صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن
لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مجموعی طور پر رواں مالی سال 2018-19کے بجٹ میں ایجوکیشن سیکٹر کیلئے 373ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جو کہ گزشتہ مالی سال سی28ارب روپے زیادہ ہے، یہ بات انہوں نے رواں مالی سال2018-19کیلئے پیش کیے جانے والے بجٹ اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ اس وقت صوبہ پنجاب میں 90لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں اور گزشتہ حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجود بچوں کی بڑی تعداد سکولوں سے باہر ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے، مراد راس نے کہا کہ حکومت پنجاب پائیدار ترقی کے اہداف2030 کے تحت اایجوکیشن سیکٹر کیلئے مقرر کردہ تمام اہداف کے حصول کو یقینی بنائیگی، انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بچوں کیلئے غذا کی فراہمی اور عصر حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جدیدٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی فراہمی کیلئے پائلٹ پراجیکٹ کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر مرا د راس نے کہا کہ500ملین سے زائد کی رقم سے پری پرائمری سکولنگ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس سے صوبہ پنجاب کے لاکھوں بچوں کو ڈراپ آئوٹ سے بچانے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہائی سکولز میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے 50ملین روپے سے نیا پروگرام متعارف کروایا جا رہا ہے جس سے فنی تعلیم کو فروغ حاصل ہو گا اور ہماری سکلڈ فورس انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں