پنجاب اسمبلی: ن لیگی ارکان کی ہنگامہ آرائی، 6 کوشوکازنوٹسز جاری

ن لیگی ارکان پر بجٹ تقریر کے دوران ایوان میں مائیک، ڈائس اور کرسیاں توڑ نے کا الزام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اکتوبر 2018 20:34

پنجاب اسمبلی: ن لیگی ارکان کی ہنگامہ آرائی، 6 کوشوکازنوٹسز جاری
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اکتوبر 2018ء) اسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے6 ن لیگی ارکان کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے، لیگی ارکان پر ہنگامہ آرائی کے دوران ایوان میں مائیک، ڈائس اور کرسیاں توڑ نے کا الزام ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر ن لیگی ارکان سے ہنگامہ آرائی کا جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی نے ن لیگ 6 ارکان کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ ان ارکان میں پیر اشرف رسول، ملک محمد وحید، محمد یاسین عامر، مرزا جاوید، زیب النساء اور طارق مسیح گل شامل ہیں۔واضح رہے پنجاب حکومت نے آج 8مہینے کا مالی سال 2018-19ء کا بجٹ پیش کیا ہے۔ بجٹ وزیرخزانہ مخدوم ہاشم بخت نے پنجاب میں پیش کیا۔ بجٹ کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔

(جاری ہے)

ن لیگی ارکان نے شہبازشریف کی گرفتاری اورحکومتی ناقص کارکردگی کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ ن لیگی کارکنان نے مطالبہ کیا کہ شہبازشریف کو بلاوجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو فوری رہا کیا جائے۔بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی ، شہبازشریف کی رہائی کیلئے نعرے بازی پر اپنے ردعمل میں الزام عائد کیا کہ ن لیگی ارکان نے سیکرٹری اسمبلی پر حملہ کیا ہے۔

لیگی ارکان نے سیکرٹری اسمبلی کا میز توڑنے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری اسمبلی پر حملہ حمزہ شہباز کی ایماء پر کیا گیا۔اسمبلی جو کچھ آج ہوا ہے ایسا تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا۔ایوان میں ن لیگ کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہبازکی قیادت میں آج بدمعاشی کی گئی ۔ایسی بدمعاشی اس سے قبل کبھی نہیں دیکھی۔

ہنگامے میں ملوث ارکان کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو وارننگ ہے کہ اپنا طور طریقہ ٹھیک کرلیں۔ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر مت پھینکو۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کی قوالی سنانے والی پارٹی خود ہی ووٹ کی پامالی پر اتر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب اورملک لوٹنے والوں کا احتساب کرنا ہے۔کرپشن اور منی لانڈرنگ کا حساب دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کیخلاف نیب میں چلنے والے کیسز 2015-16میں نوازشریف کی حکومت میں درج ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں