ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کو زیادہ ووٹ نہ پڑنے کی وجہ کیا تھی

عام انتخابات میں ووٹرز نے پاکستان تحریک انصاف کو کیوں سپورٹ کیا؟ علیم خان نے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 اکتوبر 2018 13:17

ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کو زیادہ ووٹ نہ پڑنے کی وجہ کیا تھی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر علیم خان نے ضمنی انتخاب پر اظہار خیال کیا۔ علیم خان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں ووٹرز کا ترن آؤٹ کم رہا جس کی وجہ یہ ہے کہ عام انتخابات میں ووٹرز میں عمران خان کو وزیراعظم بنانے اور وزیراعظم کی کُرسی پر دیکھنے کا جوش و خروش تھا ، ضمنی انتخاب میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ اس لیے بھی کم ہوتا ہے کیونکہ حکومتیں بن چکی ہوتی ہیں، وزیر بیٹھ چکے ہوتے ہیں، کابینہ تشکیل دی جا چکی ہوتی ہے۔

پچھلی مرتبہی لوگوں نے یہ کہاتھا کہ ہم نے ہر صورت باہر نکلنا ہے اور عمران خان کو وزیراعظم بنانا ہے۔ جب عمران خان وزیراعظم بن گئے ، کابینہ بن گئی، صوبائی حکومت بن گئی تو وہ جوش دیکھنے میں نہیں آتا۔

(جاری ہے)

اس کے اُوپر اگر اتوار کا دن ہو ، لوگ آرام سے گھروں میں بیٹھے ہوں، کوئی بچوں کے ساتھ سیر پر جا رہا ہو، اسی لیے ضمنی انتخاب میں کافی فرق پڑا ہے۔

صرف ڈی ایچ اے میں ہی نہیں بلکہ دوسرے حلقوں میں بھی ووٹس کا تناسب پچھلی مرتبہ کی نسبت کم ہوا۔ اس کے علاوہ ڈی ایچ اے میں کیونکہ پوش علاوہ ہونے کی وجہ سے ویسے ہی لوگ رہتے ہیں تو این اے 131 میں جب عمران خان نے الیکشن لڑا تو ان کا جذبہ کچھ اور تھا ، ہو سکتا ہے کہ ہمایوں اختر کے لیے ان کا جذبہ وہ نہ رہا ہو اسی لیے نہ وہ گھروں سے نکلے اور نہ ہی انہوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔ یاد رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 131 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کو شکست ہوئی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے اُمیدوار خواجہ سعد رفیق نے حلقہ این اے 131 سے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار ہمایوں اختر کو شکست دی اور کامیاب قرار پائے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں