سینئر وزیر پنجاب کا صفائی کی صورتحال پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران سے سخت اظہار برہمی

2ماہ سب سے نرمی برتی ،اب صرف 2دن کی ڈیڈ لائن ہے ورنہ گھر جانا ہوگا :عبدالعلیم خان کچھ افسران کو ڈانٹ ڈپٹ کے بغیر سمجھ نہیں آتی، ایم ڈی اور جی ایم آپریشن کو 48گھنٹے کی مہلت

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:30

سینئر وزیر پنجاب کا صفائی کی صورتحال پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران سے سخت اظہار برہمی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے سینئر افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران سی2ماہ نرمی برتی اب صرف 2د ن کی ڈیڈ لائن ہے ورنہ گھر جانا ہوگا ، انہوں نے کہاکہ حکومت سنبھالنے کے بعد کسی تقرری پر پسند یا نہ پسند کا اظہار نہیں کیا ہمارا ٹارگٹ نتائج حاصل کرنا ہے لیکن بعض افسران کو ڈانٹ ڈپٹ کے بغیر سمجھ نہیں آتی ،سینئر وزیر نے کہا کہ ہم ماضی کا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہتے لیکن عوام کے شکوے شکایات پر خاموش نہیں رہ سکتے اور اس غفلت کے ذمہ داران سے سخت باز پرس ہو گی۔

یہاں 90شاہرائے قائد اعظم پر خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ فرخ قیوم بٹ اور جنر ل مینجر آپریشن سہیل ملک کو آئندہ 48گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہفتے کے دن لاہور شہر سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے بہتری کی رپورٹ نہ آئی تو انہیں اتوار کے دن سے اپنے گھر جانا ہوگا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ اربوں روپے کے بجٹ کے بعد شہر میں صفائی کا نہ ہونا قابل برداشت نہیں کوڑا کرکٹ اٹھانا روزانہ کا کام ہے ،اس حوالے سے ذمہ داران شخصیات فرائض ادا کریں یا عہدے چھوڑ دیں ایسے کام نہیں چلے گا ،انہوں نے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں صفائی کی شکایات پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا کام کر کے دکھانا ہوگا،انہوں نے کہا کہ میرا ذاتی سٹاف جو رپورٹ دے رہا ہے وہ اطمینان بخش نہیں ،انہوں نے ہدایت کی کہ گھوسٹ ملازمین فوری طور پر فارغ کریں اور ڈیوٹی پر آنے کے باوجود کام نہ کرنے والوں کی بھی چھٹی کرائی جائے،سینئر وزیر نے کہا کہ کاغذ ی رپورٹیں نہیں عملی نتائج دینے کا کہا تھا ،وہ صورتحال کو خود مانیٹر کر رہے ہیں اپنے فرائض ادا کرنے کی بجائے پیسہ بنانے اور کام نہ کرنے کی روش نہیں چلے گی ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ خدا خوفی کے ساتھ لاہور شہر کی صفائی کے حجم اور ادا کیے جانے والے اخراجات کا موازنہ کریں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سپیشل سیکرٹری بلدیات مختار نول سے بھی محکمانہ بریفنگ لی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اہم مسائل اور اُن کے حل کے حوالے سے غورو خوض ہوا ، انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر صفائی کے کام کی بر وقت اور روزانہ مانیٹرنگ کرنا ہوگی اور اس کام کو مائیکرو اور میکرو لیول تک لانا ہوگا ،سینئر وزیر نے کہا کہ انہوں نے ایک چپڑاسی کے تبادلے کیلئے بھی نہیں کیا افسران قابل احترام اور اپنے دائرہ کار میں مکمل خود مختار ہیں لیکن کارکردگی پر اٹھنے والے سوالیہ نشانوں کے جواب دینے ہوں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں