پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر منیر ضیاء کا بھی حفاظتی ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع

جمعرات 18 اکتوبر 2018 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر منیر ضیاء نے بھی حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ۔درخواست میں چیئرمین ،ڈی جی نیب اور انوسٹی گیشن آفیسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی جی نیب نے غیرقانونی طور پر وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں،کسی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں ہوں، درخواست ضمانت کیلئے اس سے قبل بھی عدالت سے رجوع کر چکا ہوں، نیب نے میرے حقیقی بھائی ندیم ضیاء کیخلاف متعدد انکوائریز کا آغاز کر رکھا ہے،میرا بھائی ندیم ضیا پراگون سٹی کا چیف ایگزیکٹو ہے اس لیے مجھے نیب کی جانب سے حراساں کیا جاتا ہے۔

نیب کے ساتھ تحقیقات کے لئے مکمل تعاون کے لئے تیار ہوں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کی جائے اور عدالتی فیصلے تک گرفتاری نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔واضح رہے کہ پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں اس سے قبل خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی سلمان رفیق نے بھی حفاظتی ضمانت کروا رکھی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں