مسلم لیگ ن کے بے دخل کئیے جانے والے اراکین کا جمعہ کے روز اسمبلی میں داخل ہونے کا اعلان

اسمبلی سیکرٹیریٹ نے اسپیکر کے احکامات پر عمل کرنے کی ٹھان لی، تصادم کا خدشہ بڑھ گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 18 اکتوبر 2018 18:42

مسلم لیگ ن کے بے دخل کئیے جانے والے اراکین کا جمعہ کے روز اسمبلی میں داخل ہونے کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 اکتوبر 2018ء) :مسلم لیگ ن کے پنجاب اسمبلی سے بے دخل کئیے جانے والے اراکین نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے کل ایوان میں داخل ہونے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے 2روز قبل 16 اکتوبر کو 8مہینے کا مالی سال 2018-19ء کا بجٹ پیش کیا۔ بجٹ وزیرخزانہ مخدوم ہاشم بخت نے پنجاب میں پیش کیا۔

بجٹ کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ ن لیگی ارکان نے شہبازشریف کی گرفتاری اورحکومتی ناقص کارکردگی کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ ن لیگی کارکنان نے مطالبہ کیا کہ شہبازشریف کو بلاوجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو فوری رہا کیا جائے۔بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن اراکین نے ایوان کا تقدس پامال کرتے ہوئے ایوان میں توڑ پھوڑ بھی کی اور ڈاکو ڈاکو کے نعرے لگائے۔جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے ہنگامہ آرائی میں ملوث 6 لیگی اراکین اسمبلی پر اسمبلی میں داخلے پر پابندی لگا دی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے رولز آف بزنس کے تحت پابندی لگائی۔پابندی کا سامنا کرنے والوں میں ملک وحید ،یاسین عامر،مرزا جاوید،زین النساء اور طارق گل پر پیراشرف تھے۔

تاہم اب اپوزیشن کے اراکین نے اسپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے احکامات ہوا میں اڑانے کی ٹھان لی ہے۔مسلم لیگ ن کے بے دخل کئیے جانے والے اراکین نے جمعہ کے روز اسمبلی میں داخل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔اس موقع پر اسمبلی سیکرٹیریٹ نے اسپیکر کے احکامات پر عمل کرنے کی ٹھان لی، جس کے بعد ایوان کے باہر تصادم کا خدشہ بڑھ گیا ہے اور حکومت نے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں