پاکستان آج پرامن ملک بن چکا ہے، بہادر سپوتوں نے اپنے قیمتی لہو سے نئی تاریخ رقم کی ہے،عثمان بزدار

رینجرز نے امن کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، قوم کو رینجرز کے افسروں اورجوانوں کی بہادری پر ناز ہے قیام امن کیلئے رینجرز کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین،سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجرز کی جرأت کی تعریف وزیراعلیٰ سے ڈی جی رینجرز پنجاب کی ملاقات، وزیراعلیٰ کی عہدہ سنبھالنے پر میجر جنرل ثاقب محمود ملک کو مبارکباد

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:12

پاکستان آج پرامن ملک بن چکا ہے، بہادر سپوتوں نے اپنے قیمتی لہو سے نئی تاریخ رقم کی ہے،عثمان بزدار
لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یہاں وزیراعلیٰ آفس میں ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے ڈی جی رینجرز کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر میجر جنرل ثاقب محمود ملک کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے ڈی جی رینجرز کو ڈیرہ غازی خان کی روایتی چھڑی کا تحفہ بھی دیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر ملک خصوصاً کراچی میں قیام امن کیلئے رینجرز کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجرز کے افسروں اورجوانوں کی جرأت اور بہادری کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ قوم کو رینجرز کے افسروں اورجوانوں کی بہادری پر ناز ہے اور بلاشبہ رینجرز نے ملک میں قیام امن کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ رینجرز کے افسر اور جوان ہمارا مان ہیں، سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجرز کے افسر اور جوان گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی بے مثال کامیابیاں تاریخ کا انمٹ نقوش ہیں، دنیا کے کسی ملک نے پاکستان کی طرح ایسی لازوال قربانیاں نہیں دیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے اپنے قیمتی لہو سے نئی تاریخ رقم کی ہے اور آج پاکستان ایک پرامن ملک بن چکا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں