ووٹ کو عزت دینے کی بات کرنے والے حمزہ شریف اس کی پامالی میں مصروف ہیں‘فیاض الحسن چوہان

ن لیگ نے پنجاب اسمبلی میں غنڈہ گردی توڑ پھوڑ کر کے پارلیمنٹ کا تقدس مجروح کیا ،اپوزیشن کواس کا حساب دینا ہوگا آل شریف کرپشن چھپانے، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں مصروف ہے مگر نیب کی تحقیقات سے بچ نہیں پائیں گے‘صوبائی وزیر اطلاعات

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) پنجاب کے وزیراطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوھان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب میں جو غیر جمہوری رویہ اختیار کیا ہے اس کے بعد وہ کس منہ سے سابق دور میں ووٹ کو عزت دینے کی باتیں کرتے ہیں۔پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ارکان پنجاب اسمبلی نے جس طرح ایوان کا تقدس پامال کیا اس سے عوام اور پارلیمنٹ کی نظریں شرم سے جھک گئی ہیں۔

انہوں نے کہا منگل کا روز پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب مسلم لیگ ن کے صوبائی اراکین نے غنڈہ گردی کی انتہا کردی، صوبائی اسمبلی کے اسپیکر پر حملہ کی کوشش کی، ڈپٹی سپیکر اور ایڈیشنل ڈپٹی سپیکر کو زخمی کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی اسپیکر کے مطابق فرنیچر کی توڑ پھوڑ کی گئی، مائیک توڑے گئے، مجموعی طور پر 9 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، اس واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی مگر حملے کی وجہ سے زیادہ نقصان جمہوری قدروں اور ایوان کے تقدس کو پہنچا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ یہ سب کچھ حمزہ شہباز کشمیری کی ہدایت پرہوا.میں حمزہ شہباز کشمیری سے اتنا ہی کہونگا کہ وہ گزشتہ 4 سال سے ووٹ کو عزت دینے کی قوالی کرتے رہے اور اب اسی ووٹ اور پارلیمنٹ کی بے توقیری کررہے ہیں۔ فیاض الحسن چوھان نے کہا کہ مسلم لیگ ن یہ سب کچھ صرف اور صرف کرپشن کے خلاف تحقیقات سے بچنے کے لئے کررہی ہے مگر انہیں حساب دینا ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دراصل آل شریف نے کرپشن کی اتنی گاجریں کھا رکھی ہیں کہ انکے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں اور اب جبکہ نیب نے ان کا علاج شروع کردیا ہے تو وہ چیخیں مار رہے ہیں۔پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوھان نے سپیکر پنجاب اسمبلی پر حملہ کی کوشش پر مسلم لیگ (ن) پر شدید تنقید کی اور کہا کہ سپیکر ہماری عزت،مان اور شان ہیں ہم ان کا وقار پامال نہیں ہونے دیں گے کیونکہ وہ عوام کے ووٹوں سے سپیکر بنے ہیں، ن لیگ والے منافقت کی سیاست کررہے ہیں یہ لوگ اپنی باری پر تو ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں مگر جب عوام کسی اور پر اعتماد کریں تو اس ووٹ کو رسوا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے گزشتہ دو دن سے غلط پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ ہم نے انقلابی شاعر حبیب جالب کا وظیفہ بند کردیا، حقیقت یہ ہے کہ حبیب جالب کا وظیفہ انکی اور بیوہ کی وفات کے بعد ن لیگ کے دور حکومت میں حمزہ شہباز کشمیری کے کہنے پر بند ہوا تھا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر مرحوم شاعر کی صاحبزادی نے درخواست دی توخصوصی تعاون کے جزبے کے تحت ہم ان کا وظیفہ جاری کردیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں