پاکستان میں قومیتوں کے نام پر سیاست ہونے لگی

مخالفین کی جانب سے عمران خان کو نیازی کہہ کر پکارے جانے کے بعد شریف فیملی کے لیے ''کشمیری'' کی اصطلاح ایجاد ہو گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 19 اکتوبر 2018 19:51

پاکستان میں قومیتوں کے نام پر سیاست ہونے لگی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19اکتوبر 2018ء) صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شریف خاندان کے لیے کشمیری کی اصطلاح ایجاد کر دی۔فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے حمزہ شہباز کو حمزہ شہباز کشمیری کہہ کر پکارا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی سیاست میں سیاسی اقدار کا معیار بہتر ہونے کی بجائے گرتا جارہا ہے۔

مخالفین کی جانب سے دوسروں کو نیچا دکھانے کے لیے جس طرح اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کیا جاتا ہے اسکی مثال نہیں ملتی۔تاہم اب پاکستانی سیاست میں ایک اور مگر خطرناک روایت چل نکلی ہے اور وہ روایت دوسروں کو انکی قومیتوں کی بنیاد پر نشانہ بنانا ہے۔بہت سی بری سیاسی اختراعات کی طرح اس اختراع کا سہرا بھی ہماری سابقہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن کو جاتا ہے جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو ان کے معروف نام عمران خان سے بلانے کی بجائے عمران خان نیازی کہہ کر بلانے کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

اکثر لیگی رہنما وزیر اعظم کو طنزیہ انداز میں عمران خان نیازی یا عمران نیازی کہہ کر پکارتے نظر آئے۔یہانتک کہ وزیر اعظم عمران کو سرکاری نوٹیفیکیشن کے تحت یہ کہنا پڑا کہ انکو سرکاری دستاویزات میں صرف عمران خان کے نام سے پکارا اور لکھا جائے۔تاہم مسلم لیگ ن کی جانب سے لفظ ''نیازی'' کی تکرار جاری رہی جس پر حکومت اراکین نے شریف خاندان کے لیے ''کشمیری'' کی اصطلاح ایجاد کردی۔

آج فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حمزہ شہباز کشمیری کہہ کر یاد کیا۔انکے لہجے سے طنز کا تاثر بھی مل رہا تھا۔اس پر بات کرتے ہوئے مخلتف سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ قومیتوں کے نام پر ایک دوسرے کو تضحیک کا نشانہ بنانا انتہائی خطرناک بات ہے اور اس روایت کو جلد از جلد ختم ہونا چاہے۔یاد رہے کہ شریف فیملی کا تعلق کشمیر سے ہے اور اسی بنا پر فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز شریف کو کشمیری کہہ کر یاد کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں