پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے سے صرف چہرے بدل جانے کے سوا اور کچھ نہیں بدلا،حامد رضا

طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ضروری ہے، مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت سے دوستی اور تجارت ممکن نہیں،بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے مستقل خطرہ بن چکا ہے بھارت نے مزاکرات سے راہ فرار اختیار کر کے امن دشمنی کا ثبوت دیا ہے قوم انصاف اور احتساب کے نام پر ہونے والے تماشے سے بیزار ہے، عمران خان کو یاد رکھنا چاہیئے سیاست و اقتدار میں ہیرو سے زیرو بنتے دیر نہیں لگتی،سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے سے صرف چہرے بدل جانے کے سوا اور کچھ نہیں بدلا۔ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ضروری ہے۔ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت سے دوستی اور تجارت ممکن نہیں۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے مستقل خطرہ بن چکا ہے۔

بھارت آئے روز کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔بھارت نے مزاکرات سے راہ فرار اختیار کر کے امن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت کو خوش فہمیوں کی مصنوعی فضا سے باہر نکلنا ہو گا۔ حکومت کی پچھلے دو ماہ کی پالیسیوں کے باعث عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

معاشی بحران پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

قوم انصاف اور احتساب کے نام پر ہونے والے تماشے سے بیزار ہے۔ عمران خان کو یاد رکھنا چاہیئے کہ سیاست و اقتدار میں ہیرو سے زیرو بنتے دیر نہیں لگتی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت اپنی حماقتوں سے سیاسی عدم استحکام پیدا نہ کرے کیونکہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔

قومی معیشت کو آئی سی یو سے نکالنے کے لئے حکومت کے پاس کوئی وژن اور پلان نہیں۔ بوکھلائی ہوئی حکومت سے ملک سنبھالا نہیں جا رہا۔ ملک مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے۔ملک بھر کے طلباء کو یکساں تعلیمی سہولتوں کے ساتھ ایک ہی نصاب پڑھایا جائے۔ ایچی سن کالج اور ٹاٹ سکول کا فرق ختم کرنا ہو گا۔ حکومت تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرے۔ تعلیمی نصاب کو نظریاتی بنیادوں پر مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگانا شرمناک عمل ہے۔ حکومت نے اساتذہ کی توہین، تذلیل اور تضحیک کر کے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ صداقت خان شہید صالح نوجوان تھا۔ صداقت شہید کے قاتلوں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ طلباء حقوق کے تحفظ اور تعلیمی مسائل کے حل کے لئے انجمن طلباء اسلام کی خدمات لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بہت جلد آذادی کا سورج طلوع ہو گا۔ پاکستانی حکومت کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے لئے اقدامات کرے۔ بھارتی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں