ریلوے ٹریک کے قریب چھوٹے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

حادثات سے بچنے کیلئے والدین اپنے بچوں کا دوسرے اداروں میں داخلہ کروا لیں، ریلوے ٹریک پرکھیلنے پر بھی پابندی عائد کردی، خلاف ورزی کی صورت میں والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اکتوبر 2018 14:56

ریلوے ٹریک کے قریب چھوٹے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر 2018ء) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے ریلوے حادثات سے بچنے کیلئے ریلوے ٹریک ے قریب تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کا کسی دوسرے ادارے میں داخلہ کروالیں،ریلوے ٹریک پرکھیلنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے، خلاف ورزی کی صورت میں والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

انہوں نے آج لاہور میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فریٹ ٹرینز کو مزید فعال کرنے کیلئے ٹاسک فورس بنادی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن میں کیٹرنگ سروسز کو بحال کررہے ہیں۔ایک ہفتے میں 3ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کردی ہے۔کراچی سکھر ، لاہور میں بھی وائی فائی سہولت دے رہے ہیں۔سکھر اور روہڑی میں وائی فائی کی سہولت فراہم کی تولوگ انٹرنیٹ استعمال کرنے اسٹیشن پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خوشحال خٹک کا مسئلہ اللہ کی طرف سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1700کلومیٹر ٹریک میں جتنے بھی چھوٹے بچوں کے تعلیمی ادارے بنائے گئے ہیں ان کو اہم نے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ٹریک کے قریب تمام سکول بند ہوجائیں گے۔ لوگ ورزش کرنےکےلیےبھی ریلوےٹریک کااستعمال کرتےہیں۔ والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کو ریلوے ٹریک کے قریب کھیلنے سے منع کریں ورنہ والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ریل گاڑیوں کے ٹائم ٹیبل تبدیل کیے ہیں۔ لاہور سے اسلام آباد کیلئے ریل کار صبح 8بجے کی بجائے 10بجے چلا کرے گی۔ میانوالی ایکسپریس اب دوپہر2 بجے چلا کرےگی۔ بولان ایکسپریس میں30 سے40 فیصد ڈسکاؤنٹ دے رہے ہیں۔ پہلے 50روز میں ریلوے کی کمائی میں ایک ارب کا اضافہ ہوا ہے۔کوچز کی فراہمی ریلوے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ایک مہینے کے اندر 100کوچز ٹریک پر لے آئیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کراچی تاحیدرآباد بھی ٹرین کی اسی ہفتے کے آخر تک ابتدا ء ہوجائے گی۔ سکھر ایکسپریس کو لوگوں کے مطالبے پر جیکب آباد تک لیکر جارہے ہیں۔ ان علاقوں میں سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریل کے تمام پروگرام بچت کے پروگرام کے تحت بنائے ہیں۔ جس طرح ڈالر اوپر جارہا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہم بچت پروگرام میں بھی تیزی لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ افراد کو ایک نہ ایک دن سزا ضرور ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جی پی ایس سسٹم کو ہم ہر ٹریک پر استعمال کریں گے۔جی پی ایس گھڑیاں بھی آگئی ہیں میں تمام ڈرائیورز کو جی پی ایس گھڑیاں گفٹ کرنے کا اعلان کرتاہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ پچھلی حکومت نے 22 کروڑ روپے کے انجن 44،44 کروڑ میں خریدے۔ ریلوے کی تزئین وآرائش پر اربوں روپے ضائع کیے گئے۔

صرف احسن اقبال کے ریلوے اسٹیشن پر 40کروڑ سے زائد خرچ کیے گئے۔ہمیں جہیز میں چوروں اور ڈاکوؤں کا لوٹا ہوا مال ملا ہے۔نوازشریف سے بڑا چور شہبازشریف ہے۔مجھے اب احساس ہورہا ہے کہ نوازشریف کم چور تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیاد پر کسی ملازم کو فارغ نہیں کا جائے گا۔ ایڈہاک ریلوے ملازمین کومستقل کرنے کی سمری وزیراعظم کوبھجوائی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں