عمران خان کا ’’نیا پاکستان ‘‘عوام کیلئے ڈرائونا خواب بن چکا ،غریبوں سے چھت تک چھینی جا رہی ہے ‘بلاول بھٹو زرداری

مہنگائی کے علاوہ حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آ رہی، اگر بہتر معاشی پالیسی نہ دی گئی تو عام آدمی کیلئے ایک وقت روٹی کا حصول ممکن نہیں رہے گا

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا ’’نیا پاکستان ‘‘عوام کیلئے ڈرائونا خواب بن چکا ہے،مہنگائی کے علاوہ حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آ رہی، پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والے غریبوں سے چھت تک چھین رہے ہیں، اگر بہتر معاشی پالیسی نہ دی گئی تو عام آدمی کیلئے ایک وقت روٹی کا حصول ممکن نہیں رہے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی کی کوئی سمت ہی نظر نہیں آ رہی ، مہنگائی کے علاوہ حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں ،آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا اعلان کرنے والے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لے رہے ہیں۔ہم نے اپنے دور میں بدترین مالی مشکلات کا سامنا کیا ،ہم نے معاشی زبون حالی کے باوجود عوام کو مہنگائی سے محفوظ رکھا،ہمارے دور میں عالمی مارکیٹ میں تیل 148 ڈالر فی بیرل تھا لیکن ہم نے قیمتیں نہیں بڑھائیں ، یہ کیسی حکومت ہے کہ معاشی پالیسی دینے کے بجائے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے دن بدن مہنگائی کر کے غریب عوام جا جینا اجیرن کر دیا ہے، عوام کو ریلف دینے کا وعدہ کرنے والے غریب سے جینے کا حق تک چھین رہے ہیں ، صاف نظر آ رہا ہے کہ لانے والے سیلیکٹ وزیر اعظم کو بغیر کسی تیاری کے لائے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جی ڈی پی گروتھ چار فیصد اور مہنگائی کی شرح 14 فیصد تک جانے کا خدشہ ہے ، اگر بہتر معاشی پالیسی نہ دی گئی تو عام آدمی کیلئے ایک وقت روٹی کا حصول ممکن نہیں رہے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈرائونا خواب بن چکا ہے، مہنگائی کر کے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کئے جا رہے ہیں، پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والے غریبوں سے چھت تک چھین رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں