لاہور:نہال ہاشمی کا پاک فوج کیخلاف منتازع بیان‘مقدمہ کیلئے تھانہ سول لائن میں دراخواست جمع

نہال ہاشمی نے متنازع بیان دے کر پاک فوج کی تذلیل کی‘جس سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی‘موقف

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے پاک فوج سے متعلق متنازع بیان پر ان کیخلاف کاروائی کیلئے تھانہ سول لائن میں درخواست دائر کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق تجمل حسین نامی ایڈووکیٹ نے تھانہ سول لائن میں درخواست جمع کرائی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر نہا ہاشمی کے پاک فوج سے متعلق متنازع بیان نشر ہونے کے بعد پوری قوم کو دلی دکھ ہوا،جس پر ان کیخلاف قانونی کاروائی کی جائے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہیں اور پاک فوج کیخلاف بیان دے کر تذلیل کی ،جس سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی ۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ نہال ہاشمی کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز نہال ہاشمی نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عائد کیا کہ مسلح افواج نے ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے کچھ نہیں کیا اور دفاع کی خاطر حاصل کیا گیا اسلحہ ’’محض شو پیس‘‘ ہے۔دوسری جانب نہال ہاشمی کا بیان میڈیا میں نشر ہوتے ہی مسلم لیگ (ن) نے سابق سینیٹر کی جانب سے فوج کے حوالے سے دیے گئے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کے بیان سے پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں اور یہ ان کے ذاتی خیالات ہیں،نہال ہاشمی کو مسلم لیگ (ن) سے خارج کردیا گیا تھا اس لیے پارٹی ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتی۔ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کیخلاف بیان کے بعد انہیں سینیٹر کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کے پارٹی احکامات کے انکار پر انہیں خارج کیا گیا تھا۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ریاستی اداروں سے ہر کوئی اختلاف کرسکتا ہے لیکن احتجاج ریکارڈ کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں