عوامی مسائل حل کرنیوالے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی،کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کرونگا ‘عثمان بزدار

میرے دروازے کھلے ہیں، عوام کی خدمت کیلئے ہر وقت حاضر ہوں، ہر محکمے کو اپنے اہداف مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہونگے وزیراعلیٰ سے مختلف شہروں سے آئے لوگوں کی ملاقات، 400سے زائد لوگوں کے مسائل سنے، حل کیلئے احکامات جاری کئے کام کرنے آئے ہیں، کام کرکے دکھائیں گے، باتیں کرنے کا دور گزر چکا ، ایم این اے امتیاز احمد چوہدری اور چوہدری اعجاز کی ملاقات

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 18:23

عوامی مسائل حل کرنیوالے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی،کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کرونگا ‘عثمان بزدار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ میں صوبے کے عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں،میرے دروازے کھلے ہیں اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں،میرے وزیر بھی مکمل با اختیار ہیں، ہم نے اختیارات وزراء کو تفویض کئے ہیں،پنجاب میں ہر محکمے کو اہداف دیئے گئے ہیں اور ان اہداف کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

وہ وزیراعلیٰ آفس میں مختلف شہروں سے آئے لوگوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے 400سے زائد لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی کیونکہ شہریوں کو سہولتیں دینا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری بطریق احسن ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صبح ہو یا شام میرا ہر وقت عوام سے رابطہ رہتا ہے۔ ماضی میں صرف عمارتیں کھڑی کی گئی، عوام کی سہولت کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا اورہم نے آتے ہی یہ فرسودہ نظام بدلا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے مسائل حل کرنے والے سرکاری افسران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اوراس ضمن میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کروں گا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میںرکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چودھری اور سابق ایم این اے چوہدری اعجاز نے بھی ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب سمیت پاکستان بدلے گا۔عمران خان جیسا لیڈر قوم کی تقدیر بدل دے گا۔پنجاب میں ماضی کے فرسودہ نظام نے پنجے گاڑ رکھے تھے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اس گلے سڑے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے کام شروع کر دیا ہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے محکموں میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم کام کرنے آئے ہیں اور کام کرکے دکھائیں گے۔ باتیں کرنے کا دور گزر چکا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں مثبت تبدیلی کی علامت بن چکی ہے۔ بجٹ میں عام آدمی کی ضروریات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت، سادگی اور کفایت شعاری تحریک انصاف کا طرئہ امتیاز ہے۔ ہر کام میرٹ پر کیا ہے اور میرٹ پر ہی کریں گے۔ کرپٹ عناصر کی اس صوبے میں کوئی گنجائش نہیں۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں