سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا صفائی کی صورتحال کے جائزے کیلئے لاہور شہر کا کا دورہ

صورتحال بہتر ہوئی ہے ، سینئر وزیر کی ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ایک ہفتے کی مزید مہلت ،صفائی کے نام پر ہونے والے گھپلوں کی تحقیقات ہوں گی ،دوسرے شہروں کا دورہ بھی ہوگا ،2دن میں50فیصد سے زائد بہتری آئی ہے ، ارادہ ہو تو کام ہو سکتا ہے‘عبدالعلیم خان

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 20:07

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا صفائی کی صورتحال کے جائزے کیلئے لاہور شہر کا کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نی2 دن کی مہلت ختم ہونے کے بعد لاہور شہر کی صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کسی اطلاع کے بغیر مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پوش علاقوں کی بجائے گڑھی شاہو،بوہڑ والا چوک ،علامہ اقبال روڈ ،اک موریہ پل ،شیرانوالہ گیٹ اور شمالی لاہور کے مختلف علاقوں میں گئے اور وہاں کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے سے متعلق شہریوں سے بات چیت کی،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف2دن میں صفائی کی صورتحال میں50فیصدسے زائد بہتری آ گئی ہے اور اگر اب اسی افرادی قوت اور وسائل کے ساتھ کام ہو سکتا ہے تو پہلے کیوں ممکن نہیں تھا انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف شہریوں کو صحت مندانہ ماحول اور صفائی کا مطلوبہ معیار فراہم کرنا ہے جس کیلئے وہ خود میدان میں نکلے ہیں ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور اُن کی ٹیم کو مزید ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے جس کے بعد دوبارہ شہر کا اچانک دورہ کروں گا اور میڈیا کے نمائندوں کے ہمراہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ، سینئر وزیر نے کہا کہ آج شہر کے اکثر علاقوں میں صفائی کا کام ہوتا ہوا نظر آیا ہے ، خاکروب اپنا کام کر رہے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں چونا بھی بکھیرا گیا ہے جو شہریوں کیلئے خوشگوار حیرت کا باعث بنا ہے ،انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہر کی صفائی کی صورتحال کے جائزے کیلئے اپنی میڈیا ٹیم بھجواتے ہیں تاکہ سب اچھا کی سرکاری رپورٹوں کی بجائے انہیں بلاواسطہ زمینی حقائق کا علم ہو سکے ،ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ صفائی کے نام پر ہونے والے گھپلوں کی مکمل چھان بین ہو گی ،نئے بلدیاتی نظام میں صفائی ستھرائی کا بہترین سسٹم متعارف کرائیں گے ،انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد گوجرانوالہ ،فیصل آباد اورملتان سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کا بھی دورہ کریں گے اور ہر شہر میں100فیصد صفائی مکمل ہونے تک نہ خود چین سے بیٹھیں گے اور نہ ہی متعلقہ اداروں کو آرام کرنے دیا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ خود اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ شہرکی صفائی کیلئے مختص وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال عمل میں لایا جائے اور اگر کہیں کوئی کام نہ کرنے والے گھوسٹ ملازمین موجود ہیں تو اُن سے فوری طور پر نجات حاصل کی جائے اور عمران خان کے وعدے کے مطابق شہریوں کو صفائی کا مکمل حق فراہم ہو سکے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے میڈیا کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور قذافی سٹیڈیم سے لے کر لاری اڈے تک گئے جہاں انہیں شہریوں نے بھی صفائی ستھرائی سے متعلق موجودہ صورتحال پر اپ ڈیٹ کیا ،البراک گروپ کے آپریشنل سینئر ہیڈ عثمان نوری نے بھی سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو اپنی کمپنی کے حوالے سے یقین دلایا کہ طے شدہ شرائط کے مطابق صفائی ستھرائی کے کام میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے البراک کمپنی کے نمائندوں کی مانیٹرنگ ٹیم میں شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سوموار سے البراک ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور محکمہ بلدیات کی مشترکہ ٹیمیں مانیٹرنگ کیلئے نکلیں گی ،اس موقع پر جگہ جگہ شہریوں نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کاوالہانہ خیر مقدم کیا اور صفائی کے حالات بہتر ہونے پر اُن کیلئے تشکر کے جذبات کا اظہار کیا ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ فرخ قیوم بٹ ،جی ایم آپریشن سہیل انور ملک اور ہیڈ آف کمیونیکیشن جمیل خاور نے بھی سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو شہر کی صفائی ستھرائی کی صورتحال پر بریفنگ دی اور مزید بہتری کا یقین دلایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں