نوازشریف کی جاتی امراء میں قانونی ماہرین سے مشاورت

شہباز شریف کیخلاف کیسز میں تمام قانونی آپشنز بروئے کار لانے کی ہدایت

اتوار 21 اکتوبر 2018 16:20

نوازشریف کی جاتی امراء میں قانونی ماہرین سے مشاورت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے جاتی امراء رائے ونڈ میں قانونی ماہرین سے مشاورت کی ،شہباز شریف کے خلاف کیسز میں تمام قانونی آپشنز بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ۔ بتایاگیاہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے سینیٹر رانا مقبول ،اعظم نذیر تارڑایڈووکیٹ ، امجد پرویز ایڈووکیٹ اور(ن) لیگ لائرز ونگ کے نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے جاتی امراء رائے ونڈ میں طویل ملاقات کی جس میں شریف خاندان کے خلاف زیر سماعت مقدمات کا جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے قانونی مشیروں سے بالخصوص آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتار شہباز شریف کے کیس کے حوالے سے مشاورت کی اور وکلاء کو ہدایت کی کہ تمام قانونی آپشنز بروئے کار لائے جائیں اور آئندہ سماعت پر جسمانی ریمانڈ کی سختی سے مخالفت کی جائے ۔نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات میں مختلف زیر سماعت کیسز پر تبادلہ خیال اورقانونی پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ سماعت پر نیب کی جانب سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سختی سے مخالفت کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں