کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی،

آزادی کی صبح شہدائے کے خون سے طلوع ہوگی‘سردار عثمان بزدار بھارتی افواج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کردی،عالمی برادری بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے‘وزیر اعلیٰ پنجاب

پیر 22 اکتوبر 2018 14:52

کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورشہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی خون کی ارزانی پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں،عالمی برادری بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا، ظلم و ستم کے ذریعے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو نہیں دبایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

عثمان بزدار نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دبائوڈالنا چاہیے ،اس ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو بیدارہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کو زیادہ دیر تک حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتے۔کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔بھارت گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتا،وقت نے کشمیرمیں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی کو ناکام ثابت کر دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے۔کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں