مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کو شہید کرنے کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 22 اکتوبر 2018 14:52

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کو شہید کرنے کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کو شہید کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار اور بے لگام بھارتی فورسز نے ظلم کے پہاڑ گرا دئیے ہیں ، نہتے، معصوم، آزادی اور حق خودارادیت کے طلبگار کشمیریوں کو بیدردی سے شہید کیا جا رہا ہے ، مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کی بیحرمتی کرنے پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم اور شہادتوں پر انتہائی دکھ اور تشویش کا اظہار کرتا ہے اور آزادی کے حصول کے لئے جدوجہد کے دوران شہادت کا درجہ پانے والوں اور غازیوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگانے والوں اور پاکستان ہی کشمیریوں کی آخری پناہ گاہ ہے، کہنے والوں کی ہمت اور جرات کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان اقوام متحدہ، او آی سی اور دیگر تمام نام نہاد بین الاقوامی تنظیموں کی مذمت کرتا ہے ۔ جو منشور تو عالمی امن کا بناتے ہیں لیکن کشمیر میں امن کے حوالے سے ان کی کارکردگی صفر ہے۔ قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کے دل مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیروں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ان کی تکلیف، دکھ اور درد کو محسوس کرتے ہیں اور آزادی کشمیر کے لئے دعا گو ہیں۔قرارداد میں بذریعہ وفاقی حکومت اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ معصوم کشمیریوں کی حالیہ قتل و غارت فی الفور بند کروائی جائے اور مسئلہ کشمیر کو اہمیت و فوقیت دیتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں