پراپرٹی فیسٹیول اسلام آباد میں گھرانہ ڈاٹ کام کی آفیشل لانچنگ کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

رئیل اسٹیٹ کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت، مہمان خصوصی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی اور ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ، زلفی بخاری تھے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بہتری سے اوورسیز پاکستانی کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا جو کہ ملک معیشت میں بہتری لانے کا باعث ہوگا،ہمیں اس انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کا حل نکالنا ہوگا، زلفی بخاری

پیر 22 اکتوبر 2018 21:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) دو روزہ پراپرٹی فیسٹیول اسلام آباد میں دوسرے روز گھرانہ ڈاٹ کام کی آفیشل لانچنگ کی تقریب منعقد کی گئی۔ رنگا رنگ تقریب میں رئیل اسٹیٹ کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی اور ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ، زلفی بخاری تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی زلفی بخاری نے گھرانہ ڈاٹ کام کی لانچنگ پر مینجمنٹ اور ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گھرانہ ڈاٹ کام رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی ٹرانسفارمیشن میں اہم کردار ادا کرے گی۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بہتری سے اوورسیز پاکستانی کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا جو کہ ملک معیشیت میں بہتری لانے کا باعث ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پاکستان کی پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں تا ہم ہمیں اس انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کا حل نکالنا ہوگا اور اس کے لیے حکومت قوانین میں تبدیلی بھی کرنے کے لیے تیار ہے اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے نئے قوانین بھی بنائے جا سکتے ہیں۔ گھرانہ ڈاٹ کام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، شفیق اکبر کا کہنا تھا کہ گھرانہ ڈاٹ کام کو متعارف کروانے کا بنیادی مقصد عوام کو فرسودہ پٹواری کلچر سے چھٹکارہ دلانا ہے تا کہ لوگ محفوظ طریقے سے رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کر سکیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ تین مہینے کے اندر گھرانہ ڈاٹ کام کے ذریعے اوورسیز پاکستانی کسی بھی ملک میں بیٹھ کر آن لائن پراسیس کے ذریعے پاکستان میں پراپرٹی کی خرید و فروخت کر سکیں گے اور گھرانہ ڈاٹ کام کی بدولت رئیل اسٹیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری کی بدولت آنے مین تین سال کے اندر زر مبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ گھرانہ ڈاٹ کام کے ڈائریکٹر، فرحان جاوید نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ کس طرح تین لوگوں کے خواب سے شروع ہونے والا سفر 350 سے زائد لوگوں کی کمپنی تک پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھرانہ ڈاٹ کام صرف ایک کاروبار نہیں بلکہ سچ پر مبنی معلومات اور آگاہی فراہم کرنے والا پلیٹ فارم بھی ہے تا کہ لوگ پراپرٹی سے متعلق حقائق جانتے ہوئے سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بہترین استعمال کے ذریعے رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کی بہتری کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ دو روز تک جاری رہنے والے پراپرٹی فیسٹیول میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ گھرانہ ڈاٹ کام پراپرٹی کی مارکیٹ میں ایک اچھا اضافہ ہے جس سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بہتری کی امید کی جا سکتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں