ثابت ہو گیا کہ نواز زرداری بھائی بھائی اور ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں‘عبدالعلیم خان

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ،ایسے اوچھے بیانات احتساب سے کبھی بھی نہیں بچا سکتے ‘سینئر صوبائی وزیر

پیر 22 اکتوبر 2018 22:54

ثابت ہو گیا کہ نواز زرداری بھائی بھائی اور ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ نواز زرداری ایک دوسرے کی کرپشن بچانے کیلئے آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ایک دوسرے کو اقتدار کے نام پر لوٹ مار کی باریاں دینے والے درحقیقت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ، آصف زرداری کی پریس کانفرنس اپنا انجام سامنے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا اظہار ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ایسے اوچھے بیانات کسی کو احتساب سے کسی بھی قیمت پر بچا نہیں سکتے ۔

آصف زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا گزشتہ 10برسوں سے سامنے آنے والا موقف دوبارہ درست ثابت ہوا کہ یہ دونوں ہی کرپٹ رہنما ہیں جنہوں نے اقتدار کی آڑ میں قومی وسائل لوٹنے ،ملکی خزانہ باہر منتقل کرنے اور اپنے اثاثوں میں بے پناہ اضافے کے علاو ہ کچھ نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی سیاست کے ڈرامے کا یہ تیسرا ایکٹ بھی فلاپ ہو گا اور لوٹ مار کا ایک ایک پیسہ ہر قیمت پر اُن سے واپس لیا جائے گا ۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کیا زرداری صاحب قوم کو یہ بتانا پسند کریں گے کہ اُن کا پیٹ پھاڑنے اور انہیں سڑکوں پر گھسیٹنے کے خواہشمندوں سے وہ کیونکر بغل گیر ہونے کے خواہاں ہیں ، اسی طرح ایک دوسرے کے خلاف زہر اگلنے والے اب کس بنیاد پر دوبارہ اتحاد کرنے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہے کہ اگر نواز شریف اور زرداری نے ملکی خزانہ نہیں لوٹا تو آج ملک کیسے اس حال کو پہنچا ہی ۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ نواز لیگ یقینا پیپلز پارٹی کی تجویز کا ساتھ دے گی تاکہ کرپشن کے کیسز پر قابو آنے کے بعد ان ڈوبنے والوں کو تنکوں کا سہارا مل سکے ۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ زرداری صاحب خاطر جمع رکھیں اور اپنا شوق پورا کر لیں پی ٹی آئی بھی ان کو مایوس نہیں کرے گی اور کبھی بھی تر نوالہ ثابت نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو پانچ پانچ سال دینے والوں کو پی ٹی آئی کے 2مہینے بھی ہضم نہیں ہو رہے اور انہیں اقتدار سے جدائی کا غم دن رات کھائے جا رہا ہے لیکن اب اندھیر نگری چوپٹ راج دوبارہ نہیں آئے گا اور کرپشن کرنے والے قومی مجرموں کو ہر حال میں انجام کا سامنا کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں