لاہور ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز پر نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، حافظ محمد سعید

نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی قتل و غارت گری تیز کر دی گئی ہے حکومت پاکستان کشمیریوں کے صحیح وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور سفارتی سطح پر بھرپور تحریک چلاتے ہوئے بھارتی دہشت گردی کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے،امیر جماعةالدعوة پاکستان

پیر 22 اکتوبر 2018 23:05

لاہور ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز پر نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، حافظ محمد سعید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز پر نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی قتل و غارت گری تیز کر دی گئی ہے۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کے صحیح وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور سفارتی سطح پر بھرپور تحریک چلاتے ہوئے بھارتی دہشت گردی کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

پاکستان اور دیگر اسلامی ملکوں کو یواین پر بھی دباؤ بڑھانا چاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے اور کشمیر میں جاری ظلم بند کروایا جائے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ غاصب بھارتی فوج کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہر روز نہتے کشمیریوں کا قتل اور ان کی املاک برباد کی جارہی ہیں۔ جدوجہد آزادی کشمیر دن بدن مضبوط ہونے سے بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اورنہتے کشمیریوں کو وحشیانہ ظلم و دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔

کشمیر پاکستانی قوم کی رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے‘ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ کشمیری پاکستان کی سالمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستانی قوم تحریک آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ قدم سے قدم اور کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کیلئے دہشت گردی کی انتہا کر دی۔کشمیریوں کے گھروں کو بارود سے اڑاتے ہوئے کیمیائی ہتھیار استعمال کئے جارہے ہیں۔

ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کی دنیا بھر میں کہیں بھی اجازت نہیں لیکن انڈیا استعمال کر رہا ہے اور حقوق انسانی کے عالمی ادارے اور ملک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارتی ظلم و دہشت گردی ساری دنیا کے سامنے ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری اورکیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے باوجود بھارتی دہشت گردی روکنے کیلئے عالمی اداروں اور ملکوں کی جانب سے کوئی کردار ادا نہیں کیا گیا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان اس معاملہ پر بھرپور آواز اٹھائے اور دنیا پر دبائو بڑھائے کہ وہ غاصب بھارت کو کشمیر میں دہشت گردی سے روکنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔انہوںنے کہاکہ کشمیراور پاکستان لازم و ملزوم ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا ۔مظلوم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے آزادی کشمیر کی منزل کو قریب کر دیا ہے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے۔انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کا لہو بہہ رہا ہو اور پاکستانی قوم خاموش رہے ایسا ممکن نہیں ہے۔ بھارتی ریاست دہشت گردی کیخلاف ملک گیر سطح پر بھرپور آواز بلند کرنے کا سلسلہ پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں