گورنر پنجاب سے کوریا کے سفیر کی ملاقات ،دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 22 اکتوبر 2018 23:39

گورنر پنجاب سے کوریا کے سفیر کی ملاقات ،دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا
لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے گورنر ہائوس لاہور میں ریپبلک آف کوریا کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور دو طرفہ تعلقات بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اُنہوں نے کہا کہ ہم نے اِس جنگ میں جو معاشی اور اقتصادی نقصان اُٹھایا ہے پوری دُنیا اِس سے بخوبی آگاہ ہے ، اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور اس ضمن میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا نہیں گیا، گورنر نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے ،اُنہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں کوئی بھی ملک تنہا آگے نہیں بڑھ سکتا ، اُنہوں نے کہا کہ دُنیا کی کامیاب ترین معیشتوں سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور ان کے تجربات سے استفادہ کرنا ہماری حکمت عملی کا اہم پہلو ہے،اُنہوں نے کہا کہ کوریا کی اقتصادی ترقی بہت سے ملکوں کے لئے بہترین مثال ہے اور پاکستان مختلف شعبوں میں کوریا کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے، گورنر نے کہا کہ دو سالوں کے اندر پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں کو سولر پر منتقل کردیا جائے گا،اس موقع پر ریپبلک آف کوریا کے سفیرنے گورنر پنجا ب کو توانائی اور تعلیم کے شعبے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا،اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کی ثقافت سے آگاہی ملے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں