لاہور ہائیکورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی

لاہور ہائیکورٹ کا کیپٹن (ر) صفدر کو دس روز تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اکتوبر 2018 14:09

لاہور ہائیکورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2018ء) : لاہور ہائیکورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دس روز تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں کیپٹن (ر) صفدر نے موقف اپنایا کہ نیب خیبرپختونخواہ نے مجھے طلب کر رکھاہے۔

طلبی کے نوٹس میں کیس کا ذکر نہیں کیا گیا۔ نوٹس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نیب نے مجھے کس کیس میں طلب کیا ہے۔ خدشہ ہے کہ نیب مجھے گرفتار کر لے گا لہٰذا مجھے حفاظتی ضمانے دی جائے جس پر لاہور ہائیکورٹ نے کیپٹن (ر) صفدرکی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور حکم دیا کہ آئندہ دس دنوں تک کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کو طلب کر رکھا ہے لیکن نیب کی جانب سے جاری نوٹس میں کسی کیس کا تذکرہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ نیب نے کس کیس میں کیپٹن (ر) صفدر کو طلب کیا ہے، اسی خدشے کے پیش نظر کیپٹن (ر) صفدر نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو نیب لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں طلب کر کے صاف پانی اسکینڈل میں گرفتار کر لیا تھا۔ جس کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں گرفتاری کے حوالے سے خدشہ پایا جاتا ہے۔ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ہی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کی جانب سے طلبی کا نوٹس ملنے کے بعد خواجہ برادران خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے بھی حفاظتی ضمانت منظور کروائی تھی۔ واضح رہے کہ نیب نے کئی اسکینڈلز میں کی جانے والی تحقیقات میں سامنے آنے والے ناموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کئی اہم شخصیات کی گرفتاریوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی مزید گرفتاریوں کا اشارہ دے چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں