وزیراعظم عمران خان اور سعودی فرمانروا کے درمیان ملاقات

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، عالمی سیاسی صورتحال سمیت اقتصادی ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 اکتوبر 2018 16:19

وزیراعظم عمران خان اور سعودی فرمانروا کے درمیان ملاقات
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اکتوبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات ، عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں اقتصادی ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے امور سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے آج سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرخزانہ اسد عمر ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چودھری سمیت مشیر تجارتی امور عبدالزاق بھی موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور سعودی کنگ شاہ سلمان کے درمیان ملاقات میں اقتصادی ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات ، عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم پر اتفاق بھی کیا۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر پہنچے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چودھری بھی ہیں، جبکہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

  وزیراعظم عمران خان  ریاض میں ہونے والی ’’مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کے عنوان پر سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرینگے۔ ریاض میں ہونے والی کانفرنس کو’’صحرا میں ڈیوس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی جانب سے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ ریاض میں ہونے والی کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

بتایا گیا ہے کہ ریاض کانفرنس میں بڑی کاروباری کمپنیاں اورہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان بھی شرکت کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔ سعودی فرمانروا سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کانفرنس کے سیشن جس کا عنوان ’’پاکستان علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز‘‘ ہے، اس سیشن میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔

دوسری جانب پاکستانی میں معاشی گراوٹ اور زرمبادلہ کے ذخائر گرنے کے باعث وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو بڑی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سعودی کنگ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق آگاہ کریں گے اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مدد کی درخواست بھی کریں گے۔ اس کے برعکس پی ٹی آئی کی جانب سے سعودی عرب سے امداد لینے کی تمام باتوں کو سیاسی پروپیگنڈا قرار دیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں