اداروں میں سیاسی پسند و نا پسند اور میرٹ سے ہٹ کر بھی تعیناتیاں ہوتی رہیں ،اب کسی اہل پر نا اہل کو فوقیت نہیں دی جائیگی‘چوہدری محمد سرور

اداروں کو غیر سیاسی اور انہیں با اختیار بھی بنایا جائے گا ، تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور پر عملدرآمد کرے گی ‘گورنر پنجاب کا خطاب

منگل 23 اکتوبر 2018 18:36

اداروں میں سیاسی پسند و نا پسند اور میرٹ سے ہٹ کر بھی تعیناتیاں ہوتی رہیں ،اب کسی اہل پر نا اہل کو فوقیت نہیں دی جائیگی‘چوہدری محمد سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سول افسران بلا شبہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں جو حکومت کی پالیسیوں کو نہ صرف عملی جامہ پہناتے ہیں بلکہ حکومتوں کی کامیابی میں ان کا بہت اہم کردار ہوتا ہے ، افسران کے پیش نظر ایک ہی چیز اہم ہونی چاہیے وہ ملک کا وقار اور قوم کی خوشحالی ،تبدیلی اوپر سے نیچے تک آئی ہے جس طرح انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے اسی طرح تبدیلی آنکھوں کے سامنے نمایاں ہونی چاہیے ، عام آدمی آپ کے پاس جب آئیں تو وہ یہ محسوس کریں کہ ان سے افسران نہیں بلکہ ان کے برادران مخاطب ہیں ، یہ بھی حقیقت ہے کہ پچھلے کئی عشروں سے ہماری بیوروکریسی اور دیگر قومی حمیت کے اداروں میں سیاسی پسند و نا پسند اور میرٹ سے ہٹ کر بھی تعیناتیاں ہوتی رہی ہیں لیکن میں آپ کو پورے یقین اور وثوق سے کہہ رہا ہوں کہ اب کسی اہل پر نا اہل کو فوقیت نہیں دی جائے گی، تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور پر عملدرآمد کرے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہاس لاہور میں ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی عظمت علی رانجھاکی قیادت میں 109 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے 65 رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں ڈین نیشنل مینجمنٹ کورس ڈاکٹر شجاعت علی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب صائمہ سعید بھی موجود تھیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ افسران کی اکثریت حقیقتا فرض شناس محنتی اور ایماندار ہیں اور ہماری حکومت آپ لوگوں سے توقع کرتی ہے کہ ملک و قوم کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پوری دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں ترامیم لائی جا رہی ہیں جس کے تحت ویلیج کونسل کو با اختیارات بنایا جائے گا اور ڈویلپمنٹ بجٹ کا 30 فیصد ویلیج کونسل کو دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو غیر سیاسی اور انہیں با اختیار بھی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں