محکمہ سکولز ایجوکیشن نے پانچ سالہ تعلیمی روڈ میپ پر کام شروع کر دیا

سرکاری سکولوں میں اصلاحات کا جامع پروگرام متعارف کروایاجا ئیگا،صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن صوبہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کو ایشیاء کے بہترین تعلیمی ادارے بنائیں گے،مراد راس

منگل 23 اکتوبر 2018 21:59

محکمہ سکولز ایجوکیشن نے پانچ سالہ تعلیمی روڈ میپ پر کام شروع کر دیا
لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے ایجنڈے پر تیزی سے عمل پیرا ہے تا کہ نیا پاکستان تعلیمی لحاظ سے دنیا میں اپنی مثال آپ ہو، اس حوالے سے محکمہ سکولز ایجوکیشن نے آئندہ پانچ سالہ تعلیمی روڈ میپ پر کام شرو ع کر دیا ہے، اس روڈ میپ کے تحت ٹیچرز ٹریننگ پر خصوصی زور دیا جائیگا اور طالبعلموں کو ورلڈ کلاس تعلیمی سہولیات مہیا کی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی اصلاحات 2018 تا 2023 کے موضوع پر اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا، اجلاس میں سرکاری سکولوں میں جدید تعلیمی اصلاحات کے نفاذ سے متعلق مختلف تجاویز پر غور خوض کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ تعلیمی روڈ میپ کے تحت کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی، جدید ٹیچرز ٹریننگ، سکولوں میں خوشگوار ماحول کی فراہمی، ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ اور نصاب میں بہتری سمیت مختلف تجاویز پر غور و خوض کیا گیا، اس موقع پر سکولوں کے معاملات میں بہتری کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا، شرکانے اساتذہ کیلئے لائسنس کے اجراء اور ہیڈ ماسٹرز و پرنسپلز کو مختلف ترغیبات دینے کی تجاویز بھی پیش کیں اور کہا کہ ان اقدامات سے کوالٹی ایجوکیشن کے حصول میں مدد ملے گی، صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں عالمی معیارکے بہترین ماڈلز کو متعارف کروایا جائیگا تا کہ صوبہ پنجاب کے سکول براعظم ایشیا میں بہترین تعلیمی اداروں کے طورپر پہچانے جائیں، انہوں نے کہا کہ طالبعلموں کے کامیاب کیریئر میں استاد کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے لہذا ان کی تربیت اور جدید تعلیمی امور سے واقفیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی، اجلاس کے دوران بچوں کی سکولوں تک رسائی اور سکولوں میں سو فیصد شرح داخلہ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں