پنجاب کے پاور پراجیکٹس کا شور زیادہ اور کام کم ہے ، بے تکی منصوبہ ہوئی ‘عبدالعلیم خان

منصوبے نا مکمل اورزائد ادائیگیاں ہو چکی ہیں ، سرکلر ڈیٹ بڑا مسئلہ ہے ‘سینئر صوبائی وزیر کا اجلاس سے خطاب

منگل 23 اکتوبر 2018 22:08

پنجاب کے پاور پراجیکٹس کا شور زیادہ اور کام کم ہے ، بے تکی منصوبہ ہوئی ‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دیگر شعبوں کی طرح پنجاب کے پاور پراجیکٹس کا بھی شور زیادہ اور کام کم ہے،سابق حکومت کی بے تکی منصوبہ بندی سے حالات خراب پڑے ہیں جن کو درست کرنے کیلئے بہت کچھ کرنا ہوگا ، انہوں نے انرجی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کی جائے اور ان منصوبوں کو فعال اور مفید بنانے کیلئے فوری طور پر اقدامات شروع کیے جائیں ، سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان محکمہ انرجی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ، سیکرٹری انرجی عامر جان اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں منصوبوں کا نا مکمل ہونا ، زائد ادائیگیاں اور سرکلر ڈیٹ بڑے مسائل ہیں جن کے حل کیلئے صوبائی اور وفاقی سطح پر کوششیں برؤئے کار لائی جائیں گی اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی اس ضمن میں نوٹس لینے کی درخواست کریں گے ،انہوںنے کہا کہ تھرمل ، کول اور سولر منصوبے کارکردگی دکھانے کی بجائے مسائل کی آماجگاہ بن چکے ہیں کہیں مشینری خراب ہے اور کسی جگہ بینکوں کی ادائیگیاں ایک مسئلہ بنا ہوا ہے ،اسی طرح سوئی گیس کی فراہمی اور اُن کی واجب الادا رقم جیسے ایشوز رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جہاں کمیشن ملنے کی توقع نہیں تھی وہاں سرے سے کام ہی نہیں ہوااور توانائی کے اکثر منصوبوں کی پراگرس مایوس کن ہے جہاں ہرحال میں بہتری لانا ہوگی ،عبدالعلیم خان نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ سابقہ وزیر اعلیٰ نے بجلی کی فراہمی کیلئے کس ڈھٹائی کے ساتھ اپنی حکومت کے آخری دن کے رات 12بجے تک کی ذمہ داری لی جو انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھاری رقوم خرچ کرنے کے باوجود مطلوبہ بجلی نہیں مل رہی اور اس کا سب سے زیادہ نقصان ہمارے صنعت کے شعبے کو ہو رہا ہے جس سے بلواسطہ طور پر بے روزگاری میں اضافہ سامنے آ رہا ہے ،عبدالعلیم خان نے محکمہ توانائی کو ہدایت کی کہ بھکی کے منصوبے کو فنکشنل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور متعلقہ بینکوں سے فور ی طور پر بات چیت کی جائے ، انہوں نے کہا کہ تنخواہیں مسئلہ نہیں لیکن کرپشن اور بے ایمانی کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہو گا، سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت سے متعلقہ امور کووزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لائیں گے اور حل طلب مسائل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کارروائی ہو گی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ موسم گرما سے پہلے بہت کام کرنا ہے تاکہ بجلی کی طلب بڑھنے پر صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے ،انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ایک اہم شخصیت کو ایل این جی سیکٹر میں فائدہ پہنچانے کیلئے بجلی کے منصوبوں پر کام کی رفتار دانستہ کم رکھی گئی آج بھی انرجی ڈیپارٹمنٹ میں بہت سے مسائل ہیں جن کے حل کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں ،سیکرٹری انرجی عامر جان نے اجلاس کو پنجاب میں بجلی کے منصوبوں پر کام کی رفتار ،موجود مسائل اور اُن کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں