تین روز بعد کاروباری سر گرمیاں مکمل بحال ،

مارکیٹوں اور شاہراہوں کی رونقیں لوٹ آئیں پیٹرولیم مصنوعات ، پھلوں اور سبزیوں کی سپلائی بحال ہونے سے عارضی قلت ختم ،آج حالات معمول پر آجائینگے

ہفتہ 3 نومبر 2018 13:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2018ء) احتجاجی مظاہرے اور دھرنے ختم ہونے کے بعد لاہور سمیت صوبہ بھر میں تین روز بعد کاروباری سر گرمیاں مکمل بحال ہو گئیں،پیٹرولیم مصنوعات ، پھلوں اور سبزیوں کی سپلائی بحال ہونے سے عارضی قلت ختم ہو گئی اور آج (اتوار) کو حالات معمول پر آجائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعتوں کی جانب سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے خلاف لاہور سمیت صوبہ بھر میں تین روز تک احتجاجی مظاہرے دھرنے دئیے گئے جس کی وجہ سے تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں مکمل بند رہیں اور کسی بھی طرح کا کاروبار نہ ہو سکا۔

داخلی اور خارجی راستے بند ہونے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات ، سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی نہ ہو سکی جس کی وجہ سے عارضی قلت پیدا ہو گئی ۔

(جاری ہے)

حکومت اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تمام راستے کھلنے سے حالات معمول پر آ گئے ہیں اور لاہو رسمیت صوبہ بھرمیں تین روز بعد کاروباری سر گرمیاں مکمل بحال ہو گئی ہیں۔ عوام کی جانب سے گزشتہ روز بھرپور سر گرمیاں کی گئیں جس کی وجہ سے تین روز تک سنسان رہنے والی شاہراہوں کی رونقیں بھی دوبارہ لوٹ آئی ہیں ۔

داخلی اور خارجی راستے کھلنے کے بعد محفوظ مقام پر کھڑے آئل ٹینکرز شہر وں میں داخل ہونا شروع ہو گئے جس سے پیٹرولیم مصنوعات کی عارضی قلت ختم ہونا شروع ہو گئی ہے اور پیٹرول پمپس مالکان کے مطابق آج اتوار کے روز حالات معمول پر آ جائیں گے۔ دوسری جانب سبزی اور فروٹ منڈیوں میں بھی سپلائی آنا شروع ہو گئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں