نیب اورپنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق سی ایف او اکرام نوید کے درمیان پلی بارگیننگ کا سمجھوتہ

اکرام نوید نے علی عمران کو کروڑوں کی رقم دینے کا اعتراف بھی کرلیا، 50 کروڑ روپے کی کرپشن کا اعتراف کیا گیا ‘ نیب

ہفتہ 3 نومبر 2018 22:28

نیب اورپنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق سی ایف او اکرام نوید کے درمیان پلی بارگیننگ کا سمجھوتہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب )اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق سی ایف او اکرام نوید کے درمیان پلی بارگیننگ کا سمجھوتہ ہوگیا جبکہ اکرام نوید نے علی عمران کو کروڑوں کی رقم دینے کا اعتراف بھی کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے شہباز شریف کے داماد علی عمران کے قریبی ساتھی اکرام نوید کی پلی بارگیننگ کی درخواست لاہور کی احتساب عدالت میں جمع کروا دی ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے ملزم کی پلی بارگینگ کی درخواست منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دی ہے۔دوران تفتیش پنجاب پاور ڈویلپمنٹکمپنی کے سابق چیف فنانشل آفیسراکرام نوید نے اختیارات سے تجاوز اور کروڑوں کی کرپشن کا اعتراف کرلیا ہے۔ ملزم نے پنجاب پاور کمپنی، پی ایچ اے اور ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹشین اتھارٹی میں 50 کروڑ روپے کی کرپشن کا اعتراف کیا ہے۔

(جاری ہے)

اکرام نوید نے یہ بھی بتایا کہ اس نے 13 کروڑ 19 لاکھ 37 ہزار روپے سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کو بھی دئیے۔ اکرام نوید نے ایرا میں 20 کروڑ 83 لاکھ 44 ہزار روپے، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ میں 23 کروڑ 27 لاکھ 86 ہزار روپے اور پی ایچ اے میں 3 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار روپے کی کرپشن کا اعتراف کیا ہے۔نیب کے مطابق ملزم اکرام نوید نے غبن کی گئی تمام رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کردی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں