فاروق ستار ،عامر خان سمیت متعدد افراد کی گرفتاری کا امکان پیدا ہو گیا

میڈیا ہاوسز پر حملہ کیس میں ایم کیو ایم کے متعدد رہنماوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 3 نومبر 2018 22:22

فاروق ستار ،عامر خان سمیت متعدد افراد کی گرفتاری کا امکان پیدا ہو گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر 2018ء) میڈیا ہاوسز پر حملہ کیس میں ایم کیو ایم کے متعدد رہنماوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار ،عامر خان سمیت متعدد افراد کی گرفتاری کا امکان پیدا ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق آج کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیو ایم قیادت کے خلاف اہم کیسسز کی سماعت ہوئی۔بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقاریر اور 22 اگست کو میڈیا ہاؤسز پر حملے سمیت متعدد مقدمات زیر سماعت آئے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے متعدد رہنما عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ پیش ہونے والے رہنماوں میں فاروق ستار، خواجہ اظہار، قمر منصور، کنور نوید، عامر خان، ساتھی اسحاق، ریحان ہاشمی، روف صدیقی اور دیگر ملزمان شامل تھے۔عدالت نے ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، کنورنوید جمیل سمیت 60 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی، تمام ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے 5 صفحات پر مشتمل فرد جرم پڑھ کر سنائی، جس کے مطابق ملزمان نے اشتعال انگیز تقریر کیلئے سہولت فراہم کی۔ فرد جرم میں کہا گیا کہ مفرور بانی ایم کیوایم نے کراچی پریس کلب کے باہر ملکی سالمیت کیخلاف تقریر اور بغاوت کا اعلان کیا جس میں آپ نے سہولت کاری کی۔ ملزمان نے کہا کہ وہ جائے وقوعہ پر تھے نہ ہی قائد کی تقریر سنی۔ میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ تقریرکے بعد وہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ عدالت نے تفتیشی افسران اور گواہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔انسدادہشتگردی کی عدالت نے فاروق ستار اور عامر خان سمیت 60 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، بانی ایم کیوایم کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے جبکہ 7 ملزموں کو اشتہاری قرار دے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں