سی پیک خوشحالی کامنصوبہ ہے اس کی جلد تکمیل کرکے ملک کو معاشی بحران سے نکالاجاسکتاہے‘امیر العظیم

ملک کی بہتری کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی فضاکوقائم کرنا ہوگا‘تقریب سے خطاب اور عوامی وفود سے گفتگو

اتوار 4 نومبر 2018 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2018ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ چینی حکومت کی جانب سے پاکستان کومعاشی اعتبار سے مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے تعاون کاپوری پاکستانی قوم خیر مقدم کرتی ہے۔چین پاکستان کاآزمودہ دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں ہماری مدد کی ہے۔ملک وقوم کو درپیش سنگین معاشی بحران سے نکالنے کے لئے چینی حکومت کی نیک خواہشات اور عملی تعاون کادل سے احترام کرتے ہیں۔

سی پیک کی جلد تکمیل کرنے سے پاکستان میں معاشی انقلاب برپاہوسکتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزتقریب سے خطاب اور عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاک چین دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کو خطے میں معاشی ترقی کے لیے تجارتی واسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ درحقیقت گیم چینجر کی حیثیت رکھتاہے۔

اس عظیم منصوبے سے خوشحالی کے ایک نئے دورکا آغاز ہوگا۔المیہ یہ ہے کہ کچھ دشمن قوتیں اس سے خائف ہوکر منفی پروپیگنڈاکررہی ہیں جن میں امریکہ اور بھارت سرفہرست ہیں،ان کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اتحادویکجہتی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت مہنگائی چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔گیس،بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کاجن بے قابو ہوچکا ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے درجنوں اشیاء کی قیمتوں میں انتہاکااضافہ ہوچکا ہے۔گیس،بجلی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نجات کے لیے دوست ممالک سے تعاون سے بہترآئے گی۔عوام کی فلاح وبہبود اور ملکی ترقی کے لیے کرپشن کا راستہ روکنا ہوگا اوراس کے لیے سخت ترین اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ہمیں ملک وقوم کی بہتری کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی فضاکوقائم کرناہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں