ٹویٹر انتظامیہ نے تحریک لبیک کے قائد خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا

آسیہ بی بی کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے بعد ٹویٹر پر خادم حسین رضوی کے خلاف رد کافی رد عمل آیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 5 نومبر 2018 14:13

ٹویٹر انتظامیہ نے تحریک لبیک کے قائد خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 نومبر 2018ء) : ٹویٹر انتظامیہ نے تحریک لبیک کے قائد خادم حسین رضوی کا ٹویٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کی توہین رسالت ﷺ کیس میں بریت کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا جہاں مظاہرین نے کئی موٹرسائیکل اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔ ملک میں کئی اہم شاہراہوں کو احتجاج کے پیش نظر بند کیا گیا جس پر شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ملک میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے اور احتجاج پُر تشدد ہونے کے بعد ٹویٹر صارفین سمیت تمام سوشل میڈیا صارفین نے تحریک لبیک کے خلاف احتجاج کیا اور فیس بُک اور ٹویٹر انتظامیہ سے درخواست کی کہ خادم حسین رضوی کے اکاؤنٹس بند کر دئے جائیں۔

(جاری ہے)

تاہم اب ٹویٹر انتظامیہ نے خادم حسین رضوی کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ ٹویٹر اکاؤنٹ مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد کو فروغ دینے پر ڈیلیٹ کیا گیا۔

ٹویٹر سے خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ ہونے پر وزیراعظم عمران خان کی پہلی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے بھی رد عمل دیا۔ جمائمہ خان نے اپنے ٹویٹ میں خادم حسین رضوی کے ڈیلیٹ شدہ اکاؤنٹ کی تصویر پوسٹ کی اور ساتھ ہی لکھا کہ آج کچھ اچھا ہونے والا ہے ساتھ ہی انہوں نے تحریک لبیک کے قائد خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ معطل کرنے پر ٹویٹر انتظامیہ کو شاباش بھی دی۔

جمائمہ گولڈ سمتھ کےعلاوہ بھی کئی ٹویٹر صارفین نے ٹویٹر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے یہ آج کا سب سے اچھا اقدام ہے۔ ٹویٹر صارفین کا کہنا ہے کہ خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ معطل ہونے سے ٹویٹر پر مذہبی منافرت میں کمی آئے گی۔ ایک خاتون صارف نے کہا کہ میں خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ معطل ہونے پر بے حد خوش ہوں، مجھے یہ دیکھ کو خوشی ہوئی ہے کہ ٹویٹر انتظامیہ نے اس کے خلاف ایکشن لیا۔

ایک ٹویٹر صارف نے خادم حسین رضوی کے حق میں بولتے ہوئے کہا کہ میں خادم حسین رضوی کا مداح تو نہیں ہوں لیکن ان کا اکاؤنٹ معطل ہونے سے حق آزادی رائے سلب کیا گیا ، اس طرح تو منافرت پھیلانے والے تمام لوگوں کے اکاؤنٹس بلاک ہونے چاہئیں۔
ایک اور خاتون صارف نے خدشہ ظاہر کیا کہ خادم حسین رضوی زیادہ دیر ٹویٹر سے دور نہیں رہ سکے گا، کیونکہ اس کے ساتھ موجود لوگ اس کا ایک نیا اکاؤنٹ بنا دیں گے جو پھر سے منافرت پھیلانے کا کام کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں